علما ء منبر و محراب کے امین اور امن و آشتی کے پیامبرہیں،انصر مجید خان

بدھ 19 ستمبر 2018 18:42

سرگودھا۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت انصر مجید خان نے کہا ہے کہ علما ء منبر و محراب کے امین اور امن و آشتی کے پیامبرہیں، یہ حکومت کے دست و بازوہیں، ان کے کلیدی کردار کے بغیر ضلع کی پر امن فضا کو برقرار رکھنامشکل ہے۔ اس امر کا اظہار انہوںنے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں محرم الحرام کے امن و امان اور سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محرم الحرام مقدس مہینہ ہے اور اس کا تقدس اورحرمت ہم سب پر واجب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرگودہا ایک پر امن ضلع ہے۔ اس کا ماضی ہر قسم کے فسادات سے پاک ہے اور علماء و اکابرین کے مابین باہمی ہم آہنگی اور اتفاق مضبوط ہے تاہم شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ طبی سہولیات اور عملے کوالرٹ رکھیں ۔

محرم الحرام کیلئے قائم کنٹرول رومز کے نمبر کو بینرز اور پینا فلیکس پر درج کر کے تمام تحصیلوں میں نمایاں مقامات پر آویزاں کئے جائیںاور موبائل فون سروس جام ہو نے کی صورت میں کنٹرول رومز کے علاوہ انتظامی اداروںمیں لینڈلائن فون بھی چالورکھے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن رضا خان کے علاوہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران عرفان بٹ،قاری احمد علی ندیم ،پیر جاوید قادری ،عبداللہ ہاشمی ،احمد مسعود زاہدی،سید حسن طاہر کرمانی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز عبد السلام عارف ، شفقت اللہ مشتاق ،آصف حیات ملک اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں