حکومت پنجاب کی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے 36 گھنٹے میں پیش رفت کی ہدایت

پیر 24 ستمبر 2018 17:36

سرگودھا۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے 9 ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر تجاوزات کے خاتمہ کیلئے 36 گھنٹے میں پیش رفت کی ہدایت کرتے ہوئے اس سلسلہ میںتمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے افسران اور میونسپل کارپوریشنز کے افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بغیر سیاسی وابستگی کے تجاوزات کو ختم کریں اور جو عمارتیں بغیر نقشہ کی منظوری کے قانون سے ہٹ کر بنائی گئی ہیں انہیں بھی فوری طور پر مسمار کیا جائے اور تجاوزات کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے تمام ارکانِ اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ اپنے شہروں کو تجاوزات سے پاک کرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالیں بلکہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ شہروں کو تجاوزات سے پاک کیا جاسکے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے مرحلہ میں تجاوزات کنندگان کو وارننگ دی جائیگی، جبکہ دوسرے مرحلہ میں ان کا سامان وغیرہ ضبط ہوگا اوراس سلسلہ میں تیسرے مرحلہ میں دوکان سیل کرکے مقدمہ درج کیا جائیگا اورکم از کم ایک ماہ کیلئے حوالات بھی بھیجاجاسکتا ہے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں