کرپشن ملک کی معاشی ‘ معاشرتی اور سماجی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے،کمشنر

بدھ 26 ستمبر 2018 19:59

سرگودھا۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) کرپشن ایک ناسور ہے جو ملک کی معاشی ‘ معاشرتی اور سماجی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے،دنیا کے مال ودولت نے ہمیں خود غرضی کی راہ پر چلا دیاہے ،نوجوان نسل اپنے مستقبل کو درخشاں بنانے کیلئے خود احتسابی کو فروغ دیں، ان خیالات کا اظہار کمشنر سرگودہا ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے تقریب ہال میں نیب پاکستان کے زیر ا ہتمام آگاہی ورکشاپ سے خطاب کر تے ہوئے کیا، کمشنر سرگودہا نے کہا کہ کرپشن دنیا کے تمام ممالک میںکسی نہ کسی صورت میں موجود ہے لیکن پاکستان اس کا بہت زیادہ شکار ہے، انہوں نے کہاکہ شریعت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہونا چاہیے ، دین اسلام کی تعلیمات کو اغیارنے اپنا رکھاہے جبکہ ہم اس سچائی سے انحراف کر کے تباہی وبربادی میں پڑے ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ عوام کے بھر پور تعاون کے بغیر ملک سے کرپشن کاخاتمہ ممکن نہیں، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیاکہ وہ اس اہم قومی کاز کیلئے آگے آئیں اور اپنے مستقبل کو صاف اور شفاف بنائیں ، قبل ازیںاسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب حسنین علی نے اپنے لیکچر میں بتایاکہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک ملک بھر کے میگا پراجیکٹ اور سیاستدانوں سے تین سو ارب روپے ریکور کئے ہیں، انہوں نے کہاکہ نیب کے سیکشن 9-5(c) کے تحت ادارہ نجی ‘ کاروباری ‘ سیاستدانوں ‘ بینک کار ‘تعلیمی اداروں ‘ جامعات وکمپنیوں کے خلاف درخواستوں پر کاروائی کرنے کے علاوہ سوموٹو بھی لیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نیب کے دائرہ اختیار میں پانچ کروڑ سے زائد کے اثاثے آتے ہیں تاہم ادارہ ہر قسم کی شکایات اپنے ڈی جی نیب پنجاب ٹھوکر نیاز بیگ میں وصول کرتاہے ،پانچ کروڑ روپے سے کم لاگت کے بدعنوانی کے مقدمات کو اینٹی کرپشن او رایف آئی اے کو بھجوایا جاتاہے او راس پر ماہانہ رپورٹ حاصل کی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ ان کا ادارہ اپنے ہر سنٹر پر روزانہ سو سے زائد شکایات موصول کر رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شہری ادارے کے UAN 111-622-622 پر شکایت درج کروا سکتاہے ۔شکایت کنندہ کانام صیغہ راز رکھا جاتاہے تاہم غلط اطلاعات پر اسے تین سال کی سزابھی ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیب عدالتیں ان کے دائرہ ا ختیار میں نہیں ۔ عدالتوںکے ججز کی تعیناتی ہائی کورٹ کے زمرے میں آتی ہے ۔قبل ازیں ڈائریکٹر عوامی آگاہی سید محمد حسنین نے ورکشاپ کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی ،اس موقع پر بورڈ افسران کو شیلڈوں سے نوازا گیا، تقریب میں ڈائریکٹر عوامی آگاہی سید محمد حسنین ‘ڈپٹی ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو حسنین علی ‘ سیکرٹری بورڈ فقیر محمد کیفی ‘کنٹرولر امتحانات چوہدری محمد اکرم تارڑ ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب سیماب قیصر ‘کاشف اعوان ‘بورڈ ممبران وافسران ‘ نجی وسرکاری تعلیمی اداروں کے فیکلٹی ممبر ز ‘ طلباء وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں