اینٹی کرپشن سرگودھا نے ٹھیکیداروں سے نقصان کی رقم 1,10,03,538روپے وصول کرلی

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:01

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) اینٹی کرپشن سرگودھانے ٹھیکیداروں سے نقصان کی رقم ریکور کروالی ،تفصیلا ت کے مطابق محکمہ پبلک ہیلتھ خوشاب کے ٹھیکیداروں نے ایک کروڑ دس لاکھ تین ہزار پانچ سو اڑتیس روپے ، ریکوری کر وا دی۔تفصیلات کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کو محمد یعقوب ولد مقبول خان سکنہ جوہرآباد نے درخواست گزاری تھی کہ جوہرآباد کے لیے حکومت پنجاب نے واٹر سپلائی سکیم، سیوریج سکیم اور خوشاب شہر کے لیے پی سی سی سلیب کے لیے اعلان کیا تھا جس کاکام محکمہ پبلک ہیلتھ خوشاب نے مختلف ٹھیکیداروں سے کروایا ہے، ان سکیموں کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہے جس سے حکومت پنجاب کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

اس کے علاہ ایک اور درخواست گزار عمر حیات ساکن منگوال نے شکایت کی تھی کہ جسوال ، دئیوال میں سیوریج اور پی سی سی سلیب کے لیے حکومت پنجاب نے گرانٹ دی تھی جس کاکام بھی محکمہ پبلک ہیلتھ خوشاب نے کروایا تھا اور ملک الطاف حسین ٹھیکیداراور دئیوال اینڈ کو ٹھیکیدار نے یہ کام کیا تھا جس میں اُنھوں نے ناقص میٹریل استعمال کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

جس پر ریجنل ڈائریکٹر ، اینٹی کرپشن سرگودھا نے انکوائری کے احکامات دیتے ہوئے انکوائری نمبر42/2016خوشاب اور انکوائری نمبر124/2017خوشاب، غلام محمد غوث، اسسٹنٹ ڈائریکٹر(ٹیکنیکل) کے سپرد کرتے ہوئے حکم دیا کہ ان انکوائریوں کو میرٹ پر یکسو کریں۔ دوران انکوائری ، انکوائری آفیسر نے موقعہ کا ملاحظہ کیا اور متعلقہ محکموں سے ریکارڈ قبضے میں لے کر انکوائری کی ۔

جس میں یہ معلوم ہوا کہ واٹر سپلائی سکیم کا ٹھیکہ میسرز چوہدری کنسٹریشن کمپنی، میسرز وڑائچ برادرز، میسرز حیات علی اینڈ کمپنی اور زیڈ اے وڑائچ انٹرپرئزز کو دیا گیا جنہوں نے تعمیر کے دوران ناقص میٹریل کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو22,69,029 روپے کا نقصا ن پہنچایا ہے ۔ نقصان کی رقم متعلقہ ٹھیکیداروں سے خزانہ سرکار میں جمع کروائی گئی۔

اسی طرح سیوریج سکیم کا ٹھیکہ میسرز پرویز اے رحمان، میسرز فرینڈز انجینئرنگ اور میسرز مرزا محمد رفیق کو دیا گیا تھا جنہوں نے سکیم کی تعمیر کے دوران ناقص میٹریل کا استعمال کرتے ہوئے سرکاری خزانہ کو71,04,018 روپے کا نقصان پہنچایا ۔ یہ نقصان متعلقہ ٹھیکیداروں سے پورا کیا گیا اوریہ رقم خزانہ سرکار میں جمع کروائی گئی۔ اس کے علاوہ خوشاب شہر کے ا ربن ڈرینج، پی سی سی سلیب کا ٹھیکہ میسرز نذرلک اینڈ کودیا گیا جس نے تعمیر کے دوران حکومت پنجاب کو8,53,371 روپے نقصان پہنچایا اور یہ نقصان کی رقم اسی ٹھیکیدار سے پوری کروائی گئی اور خزانہ سرکار میں جمع کروائی گئی۔

اسی طرح دوسر ی انکوئری جو درخواست گزار عمر حیات ساکن منگوال کی شکایت پر لگائی گئی تھی جو کہ سکیم جسوال ، دئیوال میں سیوریج اور پی سی سی سلیب کا ٹھیکہ ملک الطاف حسین ٹھیکیداراور دئیوال اینڈ کو ٹھیکیدارکو دیا گیا تھا جس کی تعمیر میں ان ٹھیکیداروں نے ناقص میٹریل کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو7,77,120روپے کا نقصان پہنچایا تھا، انہی ٹھیکیداروںے سے نقصان کی رقم ریکور کروائی گئی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں