اینٹی کرپشن سرگودہا کی کارروائیاں، نقشہ فیسوں کے نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ ، جائیدادیں سیل

جمعہ 19 اپریل 2019 16:56

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) اینٹی کرپشن سرگودھا اور ضلعی انتظامیہ نے کارروائیوں کے دوران نقشہ فیسوں کے نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے نادہندگان کی جائیدادیں سیل کرنا شروع کر دیں۔ اینٹی کرپشن سرگودھا اور ضلعی انتظامیہ نے میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے نقشہ/کنورژن فیسوں کے نادہندہ اکرام بلڈز،آٹو ہب ورکشاپ، 4عدد دکانوں واقع فاضل ٹائون اور رضوان مارکیٹ کو سیل کر دیا۔

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا عاصم رضا کو ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ میونسپل کارپوریشن سرگودھاکی بلڈنگ برانچ/نقشہ برانچ میں نقشوں کی مد میں کروڑوں روپے کا غبن کیا گیا ہے اور بغیر نقشہ منظور کروائے بہت سے پلازے، ہسپتال، شادی ہالز، سکول و کالجز اور کمرشل مارکیٹ تعمیر کی گئی ہیں اور ان کی پارکنگ بھی چھوڑی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس پرڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے ایکشن لیتے ہوئے انکوائری ڈپٹی ڈائریکٹر(تفتیش) عروج الحسن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر(مانیٹرنگ) نثار احمد جوئیہ اینٹی کرپشن سرگودھا کے سپرد کی ۔

انکوائری کے دوران کارپویشن سرگودھا سے ریکارڈ قبضہ میں لیا گیا اور سرکل کے انسپکٹرز اور دیگرکے بیانات قلمبند کیے گئے۔ دوران ِانکوائری، انکوائری افسران عروج الحسن اور نثار احمد جوئیہ اورکارپوریشن کے افسران وا ہلکاروں نے نادہندگان کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے کاروبای مراکز سیل کیے اور نقشہ /کنورژن فیس کی مد میںتقریبا15کروڑ روپے ریکور کیے ہیں۔

نادہندگان کے خلاف مزید کارروائی کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے افسران و اہلکاروں نے اکرام بلڈز، اسلامیہ پارک لاہور روڈ، طاہر سعید آفس، لاہور روڈ، آٹو ہب ورکشاپ، لاہور روڈاور 4عدد دوکانوں واقع فاضل ٹائون اوررضوان مارکیٹ لاری اڈا روڈکو سیل کر دیا ان کے ذمہ 10لاکھ روپے نقشہ/کنورژن فیسوں کی مد میں بقایاجات تھے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اینٹی کرپشن سرگودھا کی اس حالیہ کارروائیوں سے نقشہ فیسوں اور کنورژن فیسوں کی مد میں سرکاری خزانہ کو کروڑوں روپے ریکوری کا امکان ہے۔ اس سلسلہ میں مزید کاروائیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں