ڈپٹی کمشنرکا تحصیلدارکوٹ مومن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار، ریونیو واجبات کی وصولی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے ایک ماہ کی ڈیڈلائن

جمعہ 26 اپریل 2019 17:15

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا سلوت سعید نے تحصیلدار کوٹ مومن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ریونیو واجبات کی وصولی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ایک ماہ کی ڈیڈلائن دی ہے ۔ انہوں نے کوٹ مومن کے معطل 8 پٹواریوں کے خلاف اے ڈی سی آر کو مزید کارروائی کرنے کی ہدا یت کی ہے ۔ وہ اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ضلع بھر میں ریونیو وصولی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو واصف خان کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تحصیلداروں کا اب صرف کام ریونیو اکٹھا کرنا ہے اور ا س ضمن میں کوئی عذر قبول نہیں ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ناقص کارکردگی کے حامل نمبرداروں کی فہرستیں تیار کر کے ان کی نمبرداری واپس لینے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

انہوں نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ وہ نادہندگان کو بغیر کسی عذر کے فوری گرفتار کریں ۔ انہوں نے ریونیو کے لئے مقرر کردہ اہداف کو مالی سال کے اختتام سے 2 ماہ قبل حاصل کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا عبداللہ خرم نیازی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔ اجلاس میں آبیانہ کرنٹ ، آبیانہ بقاجات، تاوان ، زرعی انکم ٹیکس لوکل ریٹ ، کیپیٹل ویلیو ٹیکس اور سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں وصولی کے ٹارگٹ کا جائزہ لے کر ایک ہفتہ کے لئے ریونیو افسران کو مزید ٹارگٹ دئیے گئے ۔

ڈپٹی کمشنر سلوت سعید نے سٹیمپ ڈیوٹی اورکیپیٹل ویلیو ٹیکس کے آڈٹ پیروں اور بقایاجات کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام تحصیلوں میں گزشتہ10 سالوں سے تعینات رجسٹری محرر اورسب رجسٹرار کی فہرستیں ایک ہفتہ میں تیار کر کے ان کے دفتر بھجوانے کی ہد ایت کی۔ انہوں نے کہاکہ آڈٹ پیروں اورسٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں بقایاجات وصول نہ کرنے والے حاضر اور ریٹائرڈ رجسٹری محرر اور سب رجسٹرار کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے ریونیو افسران کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے لئے ہر ہفتہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں