کمشنر سرگودہا کی زیر صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، ہائی وے اور بلڈنگ کے کاموں کی رفتار بارے جائزہ اجلاس

پیر 20 مئی 2019 16:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، ہائی وے اور بلڈنگ کے ایس ایزکی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ڈویژن میںجاری ترقیاتی کاموں کو15 جون 2019ء تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مقررہ مدت کے اندر تعمیراتی کام مکمل نہ کرنے والے افسران کے خلا ف سخت کارروائی کا عندیہ دیا اور ہدایت کی کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے ٹھیکیداروں کو بھی بلیک لسٹ کر کے ان کی ضمانت کو ضبط کرلیا جائے ۔

وہ آج اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ڈویژن بھر میں مختلف محکموں کے زیر انتظام جاری ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار کاجائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری قدیر کے علاوہ تعمیراتی محکموں کے ایس ایز او رایکسین نے شرکت کی۔ کمشنر نے قومی تعمیرات کے محکموں کے افسران سے اجلاس میں تحریری عہد نامہ لیا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے اداروں کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت مکمل کروائیں گے ۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودہا ، خوشاب ،میانوالی اور بھکرمیں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف محکموں کی 173سکیموں کیلئے ایک ارب 49 کروڑ 29لاکھ روپے کے خطیر فنڈز کی منظوری دی گئی اور پہلے مرحلے میں 75 کروڑ روپے جاری کئے جاچکے ہیں ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 131سکیموں پر 88 کروڑ 63 لاکھ روپے ، محکمہ ہائی وے کی 38سکیموں پر 55 کروڑ 16 لاکھ روپے جبکہ سکول ایجوکیشن کی 4 سکیموں پر 5کروڑ 49لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔

اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ سرگودہا ضلع میں محکمہ روڈز کی 11، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 48اورسکول ایجوکیشن کی ایک سکیم پر کام جاری ہے ۔ضلع خوشاب میں محکمہ ہائی وے کی5 او رپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 12 سکیمیں زیر تعمیر ہیں۔ ضلع میانوالی میں نکاسی وفراہمی آب کی 54او رسکول ایجوکیشن کی 3 سکیموں پر کام جاری ہے ۔ اس طرح کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع بھر میں محکمہ ہائی ویز کی 22 او رپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 18سکیموں پر کام جاری ہے ۔

کمشنر ظفر اقبا ل شیخ نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ انہیں کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا ۔ افسران کو دفاتر سے نکل کر ان سکیموں پر پہرہ دینا ہوگا تاکہ کسی قسم کا کوئی عذر باقی نہ رہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی خوف کے ایمانتداری کے ساتھ کام کریں ۔ ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں