سرگودھا،مانیٹرنگ ادارے نے ضلع کے بھٹہ خشت سکولوں کی کارکردگی اوربچوں کی حاضری بہتر ظاہر کرنے کا پول کھول دیا،ذرائع

منگل 21 مئی 2019 22:27

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) مانیٹرنگ ادارے نے ضلع کے بھٹہ خشت سکولوں کی کارکردگی اوربچوں کی حاضری بہتر ظاہر کرنے کا پول کھول دیا،ذرائع کے مطابق ضلعی ایجوکیشن افسران کی جانب سے ڈیش بورڈ کے ذریعے بھجوائے گئے اعداد و شمار اورمانیٹرنگ ادارے کی فیزیکل چیکنگ سے متضادنکلے، گزشتہ سہ ماہی کی جاری کردہ مانیٹرنگ رپورٹ میں آگاہ کیا گیا کہ بھٹہ خشت سکولوں میں خدمت کارڈ کے تحت 6ہزار202بچے رجسٹرڈ ہیں ، ڈیش بورڈ کے مطابق 2ہزار782بچوں کی حاضری بھجوائی گئی جبکہ فیزیکل چیکنگ کے دوران موقع پر ان میں سے بھی 18فیصد بچے غائب پائے گئے ، اس طرح لگ بھگ نصف سے زائد داخلوں کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ وسائل رجسٹرڈ بچوں کے تناسب سے استعمال کئے جا رہے ہیں، اور تحصیل سطح پر چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی وجہ سے خدمت کارڈ کے زیر التواء کیسزپر عملدرآمد ٹھپ ہونے کے باعث منصوبہ کے مطلوبہ اہداف کی تکمیل دائو پر لگی ہوئی ہے ، جس پر ڈائریکٹرمانیٹرنگ پنجاب نے اظہار برہمی کے ساتھ ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ ترجیح بنیادوں پرزیر التواء ایشوز نمٹانے کے ساتھ ساتھ بچوں کی 100فیصد حاضری یقینی بنائی جائے ،ایک ماہ بعد کارکردگی کا پھر جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں