قابلِ اعتراض ویڈیو بنا کر بھتہ طلب کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی،3ملزمان گرفتار

جمعہ مئی 17:40

سرگودھا۔24مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا کے حکم پر سادہ لوح شہریوں کو مختلف طریقوں سے اپنے جال میں پھنسا کر ان کی قابلِ اعتراض ویڈیو بنا کر بھتہ طلب کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سیٹلائٹ ٹائون پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر کے انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے، جبکہ ایک ملزم اور دو خواتین نے عدالت سے عبوری ضمانت کروا لی ہے۔

چک نمبر 91 جنوبی کے رہائشی امجد قریشی اور دودہ کے رہائشی محمد تنویر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا کو اس گروہ کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ جس پرانہوںنے ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹائون شہزاد فیض، انسپکٹر انویسٹی گیشن، عبدالرزاق، اے ایس آئی حق نواز پر مشتمل اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی اور تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں اس گروہ کے خلاف بھتہ خوری اور قابل اعتراض ویڈیو بنانے سمیت دو الگ الگ مقدمات درج کیے تھے، جن میں تین ملزمان محمد رمضان چدھڑ، محمد ابرار، خرم شہزاد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے نازیبا ویڈیو، بھتہ کی رقم، ناجائز اسلحہ برآمد کر کے انہیں جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ مقدمات کے ایک ملزم وسیم الرسول اور دو خواتین نے عدالت انسداد دہشتگردی سرگودھا سے 27 مئی تک عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔ یاد رہے کہ اس نوعیت کے گروہ عوام اور پولیس کے لئے درد سر بنے ہوئے تھے۔ عوام نے ان گروہوں کے خلاف بروقت ایکشن اور قانونی کارروائی پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا کو خراج ِتحسین پیش کیا ہے۔ جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔

سرگودھا شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments