پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی شہر کی خوبصورتی کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیراء ہی:ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے

ہفتہ 25 مئی 2019 16:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء)عوام ماحولیاتی آلودگی کے عفریت پر کنٹرول کیلئے پی ایچ اے سرگودھا عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہے، اس حوالہ سے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جارہا ہے اور سرگودھا کے اجاڑ پارک خوبصورت شکل اختیارکرکے عوامی توجہ اور دلچسپی کا مرکز بن چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے سرگودھا ملک جاوید نسیم نے ماڈل پارک عزیز بھٹی ٹائون میں واکنگ ٹریک کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے منصوبہ جات کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی شہر کی خوبصورتی کو مقدم رکھتے ہوئے عوام کو صحت مندانہ فضاء اور صحت مندانہ تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے گراس روٹ لیول پر عملی اقدامات فروغ دے رہی ہے ، اجتماعی مفادات کا تحفظ مقدم رکھتے ہوئے ہر ممکنہ عملی سلسلہ جاری رکھاجائے گا اور اس حوالہ سے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھیں گے، ڈائریکٹرجنرل پی ایچ اے سرگودھا ملک جاوید نسیم نے مزید کہا کہ عوامی مفادات کے تحت سرگودھا کے پارکس دوبارہ آباد کرکے ان کی تزئین و آرائش کے علاوہ پی ایچ اے سرگودھا نے اہم مقامات اور شاہراہوں پر بھی پرانے پودوں کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ نئے پودے لگانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں شہر کا نقشہ تبدیل ہوچکا ہے، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹی کلچر میاں طاہر جمیل نے انہیں ماڈل پارک عزیزبھٹی ٹائون میں تکمیل شدہ منصوبہ جات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مفصل بریفنگ دی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں