سرگودھا، بلدیاتی اداروں کیسز کی کمزور پیروی ، سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے سالانہ کا نقصان پہنچنے کا انکشاف

ہفتہ 15 جون 2019 22:10

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2019ء) میونسپل کارپوریشن سمیت ریجن کے دیگر بلدیاتی اداروں میںمختلف عدالتی اور دیگر فورمز پر چلنے والے کیسز کی کمزور پیروی کے ذریعے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے سالانہ کا نقصان پہنچ رہا ہے ، اس امر کا انکشاف، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی طرف سے بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو جاری ایک رپورٹ میں ہوا ، جس میں بتایا گیا کہ بلدیاتی اداروں کے خلاف عدالتوں یا دیگر صوبائی اتھارٹیز کو دائر ہونیوالے کیسز کی اکثر و بیشتر پیروی نہیں کی جاتی جبکہ کمزور پیروی کے ذریعے بھی مخالف فریق کو فائدہ پہنچایاجا رہا ہے ،متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان کی عدم توجہی کی وجہ سے بیسیوں کیسز التواء کا شکار ہیں جبکہ نچلا عملہ کیسز کی پیروی کے نام پر سرکاری خزانے پر بھی ہاتھ صاف کرنے میں مصروف ہے، بالخصوص سرکاری املاک کے حوالے سے دائر کردہ کیسز کو کمزور پیروی سے لٹکانے کا معمول عام ہے ،جس کی وجہ سے کیسز محکمہ کے خلاف ہو رہے ہیں، جس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ذمہ دار افسران کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ فوری طور پر اس حوالے سے حکمت عملی وضع کر کے رپورٹ ارسال کی جائے جبکہ کیسز کے فیصلوں میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں