جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی،6خطرناک گینگ کے 21افراد گرفتار، کروڑوں روپے کا مال مسروقہ برآمد

جمعرات 20 جون 2019 18:19

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) سرگودہا پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی ، راہزنی اور موٹر سائیکل چوری میں مطلوب 6خطرناک گینگ کے 21افرادکو گرفتار کر کے 1کروڑ 12لاکھ 79ہزار 700روپے کا مالِ مسروقہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن مشتاق سکھیرا نے سٹی اور صدر سرکل میں خصوصاً وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے سب ڈویژنل پولیس آفیسر خالد حسین تارڑ اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر اختر حسین کی نگرانی میں ایس ایچ اوتھانہ کینٹ فضل قادر حال انسپکٹر سیکورٹی ایس ایچ او تھانہ صدر سب انسپکٹر ظفر حسین ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر سرفراز احمد سی آئی اے سٹاف اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمداعجاز انچارج انیٹی کار لفٹنگ سٹاف پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور عوام الناس سے چھینا گیا مال برآمد کرنے کا حکم دیا جنہوں نے متعلقہ ٹیموں کے ہمراہ چھاپہ مار کر ڈکیتی ، راہزنی ، نقب زنی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث 6خطرناک گینگ جن کے سرغنہ محمد علی عرف علی حسن ، یاسر رضا، اظہر اقبال ، مبشرحسن، محمد عرفان ، شاہ رخ سمیت 21ملزمان کو گرفتارکر لیا جنہوں نے سنگین نوعیت کی 63وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ، ملزمان کے قبضہ سے مسروقہ نقدی 79لاکھ 78ہزار 800روپے ، ایک عدد کار،29موٹر سائیکلز ، زیوارات ، موبائل فونز و نقدی کل مالیت 1کروڑ ، 12لاکھ 79ہزار 700برآمد کرلیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرکے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن مشتاق سکھیرانے بتایا کہ عوام الناس کی جان ومال کی حفاظت کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ، ملزمان کی گرفتاری ایک بہت بڑا چیلنج تھا جن کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔

اس موقع پر انہوںنے سب ڈویژنل پولیس آفیسر سٹی و صدر ایس ایچ اور تھانہ کینٹ و صدر ، سی آئی اے سٹاف ، انچارج اینٹی کارلفٹنگ سٹاف اور ان کی ٹیمو ں کی اچھی کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹس و نقد انعامات دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی سرگودہا پولیس جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرکے لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں