درختوں کی نمبرنگ کیلئے سروے کی تیاریاں،ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم ، ٹاسک فورس تشکیل

پیر 24 جون 2019 17:26

سرگودھا ۔24جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) درختوں کا یقینی تحفظ ممکن بنانے کیلئے پی ایچ اے سرگودھا کے زیر اہتمام خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ، درختوں کی نمبرنگ کیلئے سروے کی تیاریاں،ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم ، ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی، ہنگامی بنیادوں پر سروے مکمل کرکے رپورٹ کا حکم، تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا کے زیر اہتمام سرگودھا میں درختوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے سرگودھا کی حدود میں لگے ہوئے درختوں کے جامع سروے کی تیاریاں مکمل کرلیں، سروے کے دوران علاقہ میں لگے ہوئے درختوں کی باقاعدہ نمبرنگ کرتے ہوئے ان کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا ، اس حوالہ سے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ملک جاوید نسیم نے بتایا ہے کہ درختوں کی مسلسل کٹائی کا عمل کسی بھی طرح ملک و قوم کے وسیع تر مفادات سے مطابقت نہیں رکھتا یہی وجہ ہے کہ حکومت شجر کاری مہم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے درختوں کی کٹائی روکنے کے لئے مصروف عمل ہے، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا اپنے قیام کے مقاصد کی تکمیل کے لئے سرگرداں ہے اور سرگودھا میں نئے درخت اور پودے لگانے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود پودوں ، درختوں کا ہر ممکنہ تحفظ یقینی بنانے کے لئے کام کیا جارہا ہے، ڈی جی پی ایچ اے ملک جاوید نسیم نے مزید کہا کہ سرگودھا میں درختوں کے تحفظ کے لئے پی ایچ اے کی جامع مہم نتیجہ خیز ثابت ہوگی اور ہم چیک اینڈ بیلنس کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلئے درختوں کو باقاعدہ نمبر لگا کر ان کا ریکارڈ مرتب کررہے ہیں اس حوالہ سے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کا مستقبل محفظ بنانے کے لئے ہمیں انفرادی و اجتماعی جدوجہد یقینی بنانا ہوگی اور اس سلسلہ میں ضروری ہے کہ معاشرہ کے جملہ طبقات اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں