تھلیسیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا افراد ہماری توجہ کے مستحق ہیں ، انچارج سنٹر

منگل 25 جون 2019 17:45

سرگودھا ۔25جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) تھلیسیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا افراد ہماری توجہ کے مستحق ہیں ان افراد کی زندگی بچانے کے لیے ہمیں بڑھ چڑھ کر خون عطیہ کرنا چاہیے درد دل رکھنے والے افراد کے تعاون سے ہلال احمر تھلیسیمیا سنٹر میں سینکڑوں مریض بچوں اور بڑوں کو مفت بلڈ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انچارج سنٹر غلام محمد مرزا نے سنٹر کے وزٹ کے دوران وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ہلال احمر تھلیسیمیا اینڈ ہموفیلیا بلڈ سنٹر کے ایگزیکٹیو ممبران حاجی محمد اقبال، خواجہ خادم حسین،میاں زاہد، شیخ اشرف ، حاجی محمد اختر و دیگر موجود تھے۔ سنٹر انچارج غلام محمد مرزا نے وفد کو ادارہ کا وزٹ کروایا اور اس دوران مریض بچوں سے ملاقات کروائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ حکومتی فنڈ کے بغیر اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے مخیر حضرات کی جانب سے تعاون کے باعث ہی اس ادارہ میں ہر ہفتہ سینکڑوں مریضوں کو مفت بلڈ فراہم کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں ہمیں ان کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ بلڈ عطیہ کرکے اس جنگ میں ان کا ساتھ دینا چاہیے تا کہ یہ افراد بھی زندگی کی خوشیاں حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا کے شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ان بچوں کے لیے نہ صرف مالی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں بلکہ اپنا خون عطیہ کر کے اس نعمت خداوندی سے ان افراد کی خوشیوں کو برقرار رکھے ہوئے ہیں اس موقع پر تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا درجنوں مریضوں کو بلڈ لگایا گیا ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں