سرگودھا، حکومت کا بھرتی معذورملازمین کو مطلوبہ سہولیات نہ دینے پر تشویش کا اظہار

جمعہ 19 جولائی 2019 22:34

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء)صوبائی حکومت نے خصوصی کوٹہ پر بھرتی معذور ملازمین کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی بابت رپورٹ ارسال نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی سربراہان کو فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے ،ذرائع کے مطابق معذور کوٹہ کے تحت حالیہ سالوں کے دوران مختلف سرکاری محکموں میں بھرتی ہونیوالے ملازمین کے بارے میں حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ انہیں متعلقہ سرکاری دفاتر میں مطلوبہ سہولیات دستیاب نہیں، بعض معذور افراد کو غیر متعلقہ سیٹوں پر دوردراز علاقوں میں لگا دیا گیا جو کہ خوار ہو کر رہ گئے ہیں،اس وقت سرگودھا ضلع کے 21محکموں میں مجموعی طور پر 226ملازمین تعینات ہیں،جن میں محکمہ ایجوکیشن کے 79،ہیلتھ اور ہائیر ایجوکیشن میں 29,29،یونیورسٹی آف سرگودھا 19،پاپولیشن11،ایگری کلچر اور میونسپل کارپریشن کے 8,8ملازمین قابل ذکر ہیں، بیشتر ملازمین مقامی سطح پر شکایات کا ازالہ نہ ہونے کے باعث صوبائی حکام سے بھی رجوع کر چکے ہیں،جس پر صوبائی ٹاسک فورس برائے ہیومن رائٹس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ معذور ملازمین کو دستیاب اور درکار سہولیات کی رپورٹ جلد از جلد ارسال کی جائے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں