تمام مسالک باہمی رواداری او راخوت وبھائی چارے کو فروغ دیں،کمشنر

پیر 19 اگست 2019 17:11

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ ورانہ اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں ۔ تمام مسالک باہمی رواداری او راخوت وبھائی چارے کو فروغ دیں ۔حکومت کے طے کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں ۔ منبر ومحراب کے تقدس کو قائم رکھیں ۔ شعلہ بیانی اور مسلکی تنقید سے گریز کریں ۔

علماء واکابرین مسالک اپنی صفو ں میں انتشار پسندوں اور غیر ریاستی عناصر کو نہ گھسنے دیں تاکہ نقص امن پیدا نہ ہونے پائے ۔عوام افواہ ساز فیکٹریوں پر یقین نہ کریں تاکہ ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میںریجنل پولیس آفیسر افضال کوثر، ڈپٹی کمشنر آسیہ گل، ایس پی واجد حسین، علماء کرام ،عبداللہ ہاشمی ‘ احمد علی ندیم ‘ عرفان اللہ ثنائی ‘ خوشاب ‘ میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنر ز ‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، اراکین ِامن کمیٹی ‘ سکیورٹی اداروں کے سربراہان ونمائندے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہاکہ سرگودہا ڈویژن پرامن علاقہ ہے جہاں پر تمام علماء واکابرین مسالک امن وامان کے لحاظ سے ایک پیج پر ہیں ۔انہوں نے زور دیاکہ تمام امن کمیٹیاں اپنے اجلاس مکمل کریںاور کسی بھی قسم کے اختلافی مسئلہ کو ابتداء سے ہی کنٹرول کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام تمام مسالک کے مقتدیوں کیلئے یکساں محترم مقدس ہے ۔ حضرت امام حسین ؓنے کڑے حالات کے باوجود باہمی رواداری ‘ امن اور آشتی کا درس دیا ۔

آپؓ کی قربانی رہتی دنیا کیلئے مثال ہے ۔ انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے قائم کردہ پروٹوکول او رضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنائیں ۔ تمام مسالک کے علماء او راکابرین کو ساتھ لے کر چلیں۔کمشنر نے تھانہ کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ امن کمیٹیوں میں اراکین صوبائی وقومی اسمبلی ‘ سیاسی وسماجی شخصیات کو بھی شامل کریں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او افضال کوثر نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ کوئی نئی اختراح نہ اپنائیں بغیر اجازت او رلائسنس کے مجالس اور جلوس نہ نکالنے کی پابندی کریں ۔انہوں نے سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ جسمانی چیکنگ کو یقینی بنائیں ۔ اجلاس میں امن کمیٹی کے اراکین علماء اور ذاکرین نے محرم الحرام کو پرا من رکھنے کے ضمن میں تجاویز دیں ۔ کمشنر نے ان تجاویز پر بھر پو رعمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اجلا س کے اختتام پر اتحاد ومحبت ‘رواداری کے فروغ اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی گئی ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں