سرگودھا، انتظامیہ کو ڈینگی مریضوں کا غلط ڈیٹا فراہم کیے جانے کا انکشاف

کمشنر کی انکوائری ٹیم نے ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے معاملات بہتر بنانے کی سفارشات بھجوا دیں

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:04

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2019ء) سرگودھا میں اینٹی ڈینگی مہم اور ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کا غلط ڈیٹا انتظامیہ کو ارسال کرنے کے انکشاف پر کمشنر سرگودھا کی انکوائری ٹیم نے ذمہ داروں کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو معاملات بہتر کرنے کی سفارشات بھجوا دیں، ذرائع کے مطابق صوبائی حکام کے علم میں یہ بات آئی کہ سرگودھا میں اینٹی ڈینگی مہم اور ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے حوالے سے بوگس اعداد و شماراور ناقص رپورٹنگ کے ذریعے حکام بالا کی غلط رہنمائی کی جا ری جس پر سیکرٹری صحت کی ہدایت پر کمشنر سرگودھا نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں چھان بین شروع کروائی اس ضمن میںابتدائی رپورٹ گزشتہ روز مکمل کر کے صوبائی و ضلعی حکام کو ارسال کر دی گئی ، جس کے مطابق ہیلتھ اتھارٹی، ڈی ایچ کیو ایڈمنسٹریشن اور ٹیچنگ ہسپتال میں اس حوالے سے کسی قسم کا باہمی رابطہ نہیں، تینوں شعبوں کے متعلقہ ذمہ داران ایک دوسرے سے معلومات شیئر نہیں کرتے اور مبینہ طور پر خود ساختہ اعدادو شمار کے ساتھ سب اچھا ظاہر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چیک اینڈ بیلنس اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کا کوئی میکنزم نہیں، اورنقائص و غفلت کی ذمہ داری ایکد وسرے پرعائد کرنے کی روش صورتحال کو مزید گھمبیر بنا رہی ہے ، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ غفلت اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں