ہمیں آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے ڈینگی کو شکست دینا ہو گی، صوبائی سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:24

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) صوبائی سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر راشد منصور نے کہا ہے کہ ہمیں آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے ڈینگی کو شکست دینا ہو گی ۔ انسانی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر ہی ہم ڈینگی کے خلاف کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ ڈینگی سرویلنس کیلئے ایس او پیز پر پوری شدت سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ مزید افزائش نہ ہوسکے ۔

اس امر کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر آسیہ گل ‘ اے ڈی سی آر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ‘ سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد ریاض اور ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی کے علاوہ دیگر سرکاری محکموںکے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری نے کہاکہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں محکمانہ کوششیں ماند نہیں پڑنی چاہیں او راس حوالے سے سرویلنس کو مزید تیز کیاجائے ۔

انہوں نے فیلڈ ٹیموں پر زور دیاکہ وہ قبرستانوں ‘ ٹائر کی دکانوں ‘ کباڑخانوں اور سروس سٹیشنز سمیت دیگر ہاٹ سپاٹس کو مسلسل چیک کریں او رروزانہ کی سرگرمیوں کو اینڈ رائڈ موبائل کے ذریعے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی نے بتایاکہ ایک ہفتہ کے دوران 300 مشکوک کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 29کنفرم کیس پائے گئے ۔

ضلع بھر میں یکم جنوری سے اب تک مجموعی طو رپر 123ڈینگی کے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک صرف سرگودہاشہر جبکہ 61 اسلام آباد ‘ 43راولپنڈی او ردیگر مریض مختلف شہروں سے یہاں علاج کیلئے آئے ہیں جن میں سے 99فیصد مریض صحت یاب ہو کر واپس جاچکے ہیں ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 4جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال میں صرف ایک ڈینگی کامریض زیر علاج ہے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اجلاس کو مزید بتایاگیاکہ ضلع بھر میں 501 ڈینگی سرویلنس ٹیمیں کام کررہی ہیں جن میں 334 ان ڈور ٹیموں نے ایک ہفتہ کے دوران 54861 گھروں کو چیک کیا جن کی روزانہ کی کوریج 7817بنتی ہے اور ہر ٹیم روزانہ 24گھروں کوچیک کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ 167 آؤٹ ڈور ٹیموں نے ایک ہفتہ میں 16401ہاٹ سپاٹ چیک کئے او رہر ٹیم روزانہ 30مختلف مقامات کی کوریج کررہی ہے ۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ ایک ہفتہ کے دوران انسداد ڈینگی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر تین افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جاچکی ہے ۔ ضلع میں یکم جنوری سے اب تک 143مختلف مقامات سے لاروا ملا جن میں 111 آؤٹ ڈور اور 32 ان ڈور مقامات شامل ہیں ۔ ضلع بھر میں اب تک مختلف سرکاری محکمے 565 آگہی سیمینار ‘303 واک منعقد کروانے کے علاوہ 21ہزار سے زائد پمفلٹ شہریوں میںتقسیم کئے گئے ہیں اس طرح ہیلپ لائن 0800-99000 پر یکم جنوری سے 27شکایات درج کروائی گئی جن میں سے حل طلب 23شکایات کو حل کر لیاگیا ہے ۔

ضلع بھر کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ اور ادویات کی تمام سہولیات وافر مقدار میں موجود ہیں ۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے تمام اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خدمت خلق کے اس مشن کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں