سرگودھا:ٹریفک پولیس نے حکومتی احکامات پس پشت ڈال دیئے

شہر اور ضلع بھر میں چنگ چی رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کمسن ڈرائیورز انسانی جانوں کیلئے بدستور خطرہ بنے ہوئے ہیں

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:11

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) ٹریفک پولیس نے حکومتی احکامات پس پشت ڈال دیئے ،جس کے باعث شہر اور ضلع بھر میں چنگ چی رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کمسن ڈرائیورز انسانی جانوں کیلئے بدستور خطرہ بنے ہوئے ہیں،تفصیل کے مطابق شہر میں 5 ہزار سے زائد کمسن چنگ چی رکشہ ڈرائیور شہریوں کیلئے چلتی پھرتی موت بنتے جارہے ہیں آئے روز کمسن ڈرائیوروں کی وجہ سے حادثات معمول بن گئے کئی افراد تو عمر بھر کیلئے اپاہج ہوچکے ہیں ،حکومت کی جانب سے دو ماہ قبل کمسن ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیا جس پر ابتدائی چند روز میں مختصر کاروائی کر کے عملدرآمد کی رپورٹ بھجوا دی گئی ، نہ ہی مزید آپریشن ہوا اور نہ ہی اس سلسلہ میں مستقل روک تھام کیلئے کوئی حکمت عملی اختیار کی گئی ، جس کی وجہ سے 18 سال سے کم عمر رکشہ ڈرائیور بھی مختلف علاقوں میں چنگ چی رکشہ چلاتے دیکھے جاسکتے ہیں جو ٹریفک قوانین سے بالکل ناواقف ہیں یہ بناء سوچے سمجھے اور آگے پیچھے دیکھے بغیر فوراً بریک لگاتے ہیں جو اکثر اوقات حادثات کا موجب بنتے ہیں‘ شہریوں نے ایس ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کمسن چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کیخلاف کاروائی کریں اور جن کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس نہ ہوں انہیں فوری طور پر چالان کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں