بڑھتی آبادی قومی وسائل نگل رہی ہے، ڈپٹی کمشنر آسیہ گل

پیر 21 اکتوبر 2019 17:18

سرگودھا ۔21اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے کہا ہے کہ بڑھتی آبادی ہمارے وسائل کو تیزی سے ختم کررہی ہے ۔شعور وآگہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر ہم بڑھتی آبادی کے سامنے بند باندھ سکتے ہیں ۔ اس ضمن میں محکمہ بہبود آبادی فعال کردار اد ا کررہا ہے لیکن معاشرے کے دیگر افراد اور اداروں کو بھی اس قومی مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔

اس امر کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ضلعی آفیسربہبود آبادی ملک آفتاب اعوان اور اے ڈی سی جی بلال فیروز کے علاوہ صحت تعلیم اور سوشل ویلفیئر سمیت دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آبادی میں اضافہ کا موجودہ سلسلہ برقرار رہا تو آنے والے چند سالوں میں ہی ہمیں خوراک او رصحت عامہ کی عدم سہولتوں سمیت دیگر مسائل کی سنگینی کا سامنا کرناپڑسکتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ ۔محکمہ بہبود آبادی کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کو مسلسل آگہی پروگرام جاری کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے خواتین فیلڈ سٹاف پر زور دیا کہ وہ گھریلو خواتین پر خاص فوکس کریں جبکہ مرد عملہ مختلف روزگارکے ذرائع کی جگہوں کے متواتر دورے کرکے مرد حضرات میں آبادی کو کنٹرول کرنے کے بارے شعوراجاگر کرے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سوشل میڈیا کسی بھی پیغام رسانی کا آج کے دور کا اہم ذریعہ ہے اس کو بہتر استعمال میں لا کر ہم اپنے اہداف تک پہنچ سکتے ہیں ۔انہوں نے سرکارے ونجی ہسپتالوں میں نصب ایل ای ڈیز پر محکمہ بہبود آبادی کے پیغامات کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے تمام اپنے دفتر میں ایک کاؤنٹر بنانے کی بھی ہدایت کی جہاں سے دفتر میں آنے والے سائلین کو بہبود آبادی کاپیغام پہنچایا جاسکے ۔ اجلاس میں محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی کاتفصیلا جائزہ لیاگیا ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں