سموگ کی روک تھام ،اینٹوں کے بھٹوں کو یکم نومبر سے بند کرنے کاحکم

پیر 21 اکتوبر 2019 17:19

سرگودھا ۔21اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) ضلع بھر میںقائم تمام اینٹوں کے بھٹے یکم نومبر سے دو ماہ کیلئے بند کر دیئے جائیں گے جبکہ کوڑا کرکٹ اور فضلوں کی باقیات کو جلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پرچے درج کر وائے جائیں گے۔ یہ اقدامات ممکنہ فضائی آلودگی سموگ پر قابو پانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔

اس امر کا انکشاف آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بلال فیروز کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹمنٹ کمشنروں ، سوشل ویلفیئر ،صحت اور محکمہ لیبر کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے اے ڈی سی بلال فیروز نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو اچھا اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ وہ موسم سرما کے آغاز میں سموگ کی روک تھام کیلئے احتیاطی و انسداد ی اقدامات کو جامع اور موثر بنائیں تاکہ شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ انہوں نے سموگ سے متعلق عوامی آگاہی کیلئے وسیع بنیادوں پر مہم چلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ انسداد ی کارروائیوں میں سستی نہیں ہو نی چاہیے ۔

اے ڈی سی جی نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی اختیار نہ کرنے والے اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں ،کارخانوں اور گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوںنے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں او راگر کسی جگہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کی اطلاع ملے تو فوری نشاندہی کریں تاکہ ایسے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں