انسداد ڈینگی فیلڈافسران کارکردگی مزید بہتر بنائیں، ڈپٹی کمشنر

پیر 18 نومبر 2019 18:26

سرگودھا ۔18نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے انسداد ڈینگی ریویو کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ‘ سی او ہیلتھ ڈاکٹر ر یاض ‘ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی ‘فوکل پرسن انسداد ڈینگی پروگرام ڈاکٹر طارق حسن ‘ریجنل منیجر ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر عامرسلیم ‘ ریسکیو 1122 ‘زراعت ‘ تعلیم ‘ خصوصی تعلیم ‘ لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران ونمائندوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ موسم کی شدت کی آمد تک اپنی سرگرمیاں تیز رکھیں زیادہ سے زیادہ پروگرام کریں او رڈینگی کے مریضوں کی تشخیص کے طریقے کار کو معیاری بنائیں او رمریضوںکے علاج پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

مریضوں کے مساکن کے گردونواح میں ماہرین کے تجویز کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی کا جڑسے قلع قمع ہو سکے ۔

انہوں نے انڈور و آؤٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کا حکم دیا ۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹرسہیل اصغر قاضی نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کی فیلڈ ٹیموں نے ضلع بھر میں پانچ مراکز کو سیل کیاہے جبکہ تاجروں او رٹائر شاپس کے مالکان کو سخت وارننگ بھی جاری کی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ڈینگی کے دو مریضوں کی تشخیص کے بعد ضلع میں اب تک سامنے آنے والے مریضوںکی کل تعداد 179 ہو گئی ہے تاہم شرح اموات اب بھی صفر فیصد ہے جو کہ ضلع کے لئے خوش آئند ہے ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ تمام مریض دیگر اضلاع سے سرگودہا منتقل ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں اب صرف ایک مریض زیر علاج ہے او را س کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم کو باقاعدہ او رمسلسل جاری رکھنے ضرورت پر زور دیا ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں