معاشرتی زندگی میں ثقافت کی بڑی اہمیت ہے، صوبائی وزیر انصر مجید

ہفتہ 7 دسمبر 2019 17:54

سرگودھا۔07دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر برائے افرادی قوت انصر مجید نیازی نے کہا ہے کہ معاشرتی زندگی میں ثقافت کی بڑی اہمیت ہے، قومیں تہذیب و ثقافت سے پہچانی جاتی ہیں، پاکستان کو سرسبز بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں، بُکس اور کلچرل فیسٹیول کا انعقاد نوجوان نسل کے لئے عملی تصویر ہے، حکومت نے پاکستانی کلچر کے فروغ کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں، ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار بُک لورز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام رحمت اللعالمین پارک میں منعقدہ کلچرل و بُکس فیسٹیول کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں بُک لورز ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن سعدیہ تنویر ، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ، نورالعین ، ہارون ریاض، محمد عذیر، مطیع اللہ اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کتابوں سے دوستی وقت کی اہم ضرورت ہے، کتابیں مصنفین کے خونِ جگر اور تجربات کا نچوڑ ہوتی ہیں۔ طالب علموں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے کتابوں سے رشتہ جوڑنا چاہیے۔

ہمارا آنے والا کل اُسی صورت درخشندہ ہوسکتاہے جب ہم تعلیم کے فروغ کے لئے کام کریں گے ۔ سعدیہ تنویر نے کہا کہ بُکس و کلچرل فیسٹیول کا مقصد ہلکے پھلکے تفریحی انداز میں طالب علموں کو تعمیرِ وطن میں شامل کرنا ہے ۔ مختلف شعبہ جات کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایسی نمائشیں ضروری ہیں۔ ڈاکٹر ہاورن الرشید تبسم نے کہا کہ نسل نو کو ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی اُمیدوں کے مطابق بہترین پاکستانی بنانے کے لئے کتاب میلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے ۔

کتابیں زندگی کی رفیق ہوتی ہیں۔ کلچر ل پروگرام میں پی ایچ اے ،کلین اینڈ گرین پاکستان کی کامیابی کے لئے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے ۔ ہمیں شعبہ پی ایچ اے کے ساتھ بھرپور معاونت کرنی چاہیے۔ چیئرمین پی ایچ اے سعداللہ وڑائچ ایڈووکیٹ کی کاوشوں کو بہت سراہا گیا۔ بہت سے تعلیمی اداروں اور زندگی کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے احباب کے لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ کرتے ہوئے انصر مجید خان نیازی کو بریفنگ بھی دی گئی ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں