وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کا وژن سرگودھا کوسرسبز اور شاداب بنانا ہے،کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود

ہفتہ 18 جنوری 2020 18:20

سرگودہا۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ہمیں ایک وژن او رخواب دیا ہے کہ سرگودھا کا ہر گھر چمکتا ہوا نظر آئے ، ہر سڑک دھلی ہو‘ہر مارکیٹ بہترین شفاف ‘ ٹریفک رواں دواں ہو‘ بچے باغوں میں کھیل رہے ہوں اور باغ میں پھولوں کے غنچے ہوں، اس خواب کو ہم سب نے مل کر شرمندہ تعمیر بنانا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلہ میں جناح ہال کمپنی باغ میں ’’ہمارا شہر ‘‘ ہماری ذمہ داری کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ ‘ ایم پی اے چوہدری افتخار حسین گوندل ‘ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر نادیہ عزیز‘ ڈاکٹر پروفیسر ہارون الرشید تبسم کے علاوہ تاجروں ‘ علماء کرام ‘ اقلیتی نمائندوں ‘خواتین ‘طلبہ او رمیڈیا نمائندگان سمیت دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہاکہ روزانہ شہریوں کی شکایات صفائی کی ابتر صورتحال ‘ سیوریج لائنوں کی بندش او رپینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سے متعلق موصول ہوتی ہیں لیکن یہ شکایات اس وقت دور ہوسکتی ہیں اگر بحیثیت معاشرہ ہر فرد صفائی رکھنے میں عملہ صفائی سے تعاون کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہر شہری کی ا س مہم میں شرکت کے بغیر سرگودھا کو صاف نہیں رکھا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین مہم میں سرکاری اداروں کے ساتھ پرائیویٹ اداروں کو بھی شامل کیا جارہا ہے ۔ بچے ہمارا مستقبل او رصفائی مہم میں سفیر کے طو رپر اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقابلہ دوسرے شہر کے ساتھ نہیں بلکہ گندگی کے خلاف ہے او رہم نے شہر کو صاف ستھرا بنا کر اس گندگی کو شکست دینی ہے ۔انہوں نے سرکاری او رنجی تعلیمی اداروں او رہسپتالوں میں صفائی کے مقابلوں کا بھی اعلان کیا ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ جاری کلین اینڈ گرین چیمپیئن پنجاب مہم کے تحت سرگودھا کو ایک حسین ‘ صاف او رسرسبز شہر بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری صاف سرسبز پنجاب مہم کا حصہ بن کر اپنے شہر کو صاف ستھرا او رخوبصورت مثال بنانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے نوجوان آگے بڑھیں او رماحولیاتی تبدیلیوں ‘ آلودگی کی روک تھام میں انتظامیہ او رحکومت کے ساتھ کھڑے ہوں ۔

ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہاکہ کلین وگرین مہم کے تحت سرگودھا میں سوایکڑ رقبہ پر جنگلات اگائے جائیں گے جبکہ عوام سے مل کر 36لاکھ پودوں کو درخت بنانے کی مہم بھی شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گرین سکول پروگرام کے تحت سرکاری سکولوں میں مرحلہ وارخالی زمین پر پھل دار درخت ‘ سبزیاں او رپھولوں کے پودے لگانے کے مقابلے بھی شروع کروائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے اہلیان سرگودہا سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی ا س مہم کا حصہ بنیں ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نادیہ عزیز نے صفائی ہمارے ایمان کا اہم جزو ہے ۔ تمام سیاستدان اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس مہم میں حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیاجاسکے ۔ انہوں نے تمام افراد پر زور دیا کہ وہ گرین پاکستان موبائل ایپ پر رجسٹرڈ ہو کر ا س مہم کو آگے بڑھائیں او راپنے شہر کی خوبصورتی میں عمل کردار اداکریں ۔

سیمینار میں مختلف سکولوں کے بچوں نے کلین گرین کے حوالے سے خاکے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔ بعدازاں کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود او رڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ کمپنی باغ کے سبززار میں پودے لگائے ۔ ا س موقع پر اہلیان سرگودھا میں کلین اینڈ گرین مہم کے بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے کمشنر او رڈپٹی کمشنر کی قیادت میں واک کابھی اہتمام کیاگیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں