شہری دفاع کو مستحکم بنانے کے لیے تنظیم ِشہری دفاع میں عوام الناس کی شرکت اشد ضروری ہے، ڈاکٹر نادیہ عزیز

منگل 21 جنوری 2020 00:01

سرگودھا ۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) مہلک ہتھیاروں کی ایجاد نے عالمی امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ دنیا کے مختلف علاقہ جات میں جنگ و جدل کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری آباد ی کو آتش و آہن کی بارش سے نقصان پہنچانے کی کوشش بھی جاری ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج سرحدوں کے دفاع کے لیے مستعد ہے۔ شہری دفاع کو مستحکم بنانے کے لیے تنظیم شہری دفاع میں عوام الناس کی شرکت اشد ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز نے گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج سرگودھا میں منعقدہ سول ڈیفنس کے فقید المثال عملی مظاہرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف وارڈن شہزاد قریشی، پرنسپل کالج ڈاکٹر شبیر گوندل،سول ڈیفنس آفیسر ثناء اللہ خان نیازی، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ،چودھری حشمت محمود، وقاص اکبرنے بھی اظہارخیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نادیہ عزیز نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں سول ڈیفنس کی تربیت از بس ضروری ہے۔ قومی دفاع کے استحکام کے لیے ہر پاکستانی کو ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ دنیا تیسر ی عالم گیر جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے۔ ہمارا پڑوسی ملک بھارت لائن آف کنٹرول پر آئے دن اپنی کارروائیاں کرتا رہتا ہے۔ زندہ قومیں اپنے دفاع سے غافل نہیں ہوتیں۔

جرم صعیفی کی سزا مرگِ مفاجات ہوتی ہے۔ پوری قوم کو دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ قومی دفاع باتوں سے نہیں عملی جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ آج کے سائنسی دور میں دفاع سے سب مقدم چیز ہے۔ چیف وارڈن شہزاد قریشی نے کہا کہ تنظیم شہری دفاع کو مربوط اور منظم بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اللہ کریم کی رضا کے لیے کام کرنے والے ، اللہ کے سپاہی ہیں جو بے لوث اور انتھک خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تنظیم شہری دفاع ، قومی دفاع کا لازمی جزو ہے۔ڈاکٹر شبیراحمد گوندل نے کہا کہ مخلوقِ خدا کی بے لوث خدمت ہماری زندگی کا مقصد ہے۔ سرحدوں پر گئے ہوئے مجاہدین کے گھروں کی حفاظت بھی عینِ جہاد ہے۔ ہمارا آنے والا کل آج سے بہتر ہونا چاہیے۔سول ڈیفنس آفیسر ثناء اللہ خان نیازی نے کہا اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس مبشر ربانی کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں سول ڈیفنس کے کورسز کروائے جا رہے ہیںبم ڈسپوزل اسکوڈ، سی ٹی ڈی ، پولیس ، ریسکیو، کالج طلباء‘ خواتین اور رضاکاران نے جس دلچسپی کا مظاہرہ کیا وہ ہمارے لیے قابلِ ستائش ہے اٴْمید ہے کہ عملی زندگی میں طالب علم اس سے استفادہ کریں گے۔

سول ڈیفنس کے عملی مظاہرہ میں نارمل لائف ،زخمیوں کی مرہم پٹی، آگ بجھانے ، ریسکیو سروس، جمپنگ شیٹ ، چیئر ناٹ ، بم ڈسپوزل ، دہشت گردی اور اِسی قسم کے دیگر مظاہرے شامل تھے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں