کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیرصدارت چاروں اضلا ع کے انتظامی امور کا جائزہ اجلا س

جمعرات 23 جنوری 2020 16:02

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے چاروں اضلا ع کے ڈپٹی کمشنروں کو منشیات کے بڑے مگرمچھوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے انتظامی میکنزم کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھا جاسکے جبکہ سمگلروں کی مانیٹرنگ کو مضبوط اور سمگلنگ کے کاروبار کو جڑسے اکھاڑنے کیلئے ڈویژن کے داخلی وخارجی راستوں کی سخت ناکہ بندی پر زور دیا ۔

وہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ انتظامی امور کے جائزہ اجلا س کی صدارت کر رہی تھیں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں چائلڈ لیبر کو ختم کرنے کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیوں کو تیز کیا جائے جبکہ سکولوں اورکالجوں کی خفیہ مانیٹرنگ کو معمول بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اُ نہوں نے ٹڈی دل کی نقل وحرکت پر بھی خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے محکمہ زراعت کو حکومت کے تجویز کردہ ایس اوپیز کو کسانوں تک پہنچانے کی ہدایت کی جبکہ نمبرداروں کو اس اہم مسئلے بارے رابطے میں رکھنے اور ان کی مشاورت پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ کمشنر نے تمام اضلاع میں آٹے کی ترسیل اور قیمتوں بارے تفصیلات حاصل کیں ۔ اس موقع پر چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں انتظامی امور بالخصوص آٹا بحران بارے غلط تاثر کی تفصیلات بتائیں ۔

انہوں نے کہاکہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں آٹے کی کوئی قلت نہیں جبکہ محکمہ خوراک نے میانوالی اور سرگودہا کے کوٹہ میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہاعبداللہ نیئر شیخ نے کمشنر کو آگاہ کیا کہ ضلع کا کوٹہ بڑھنے سے ضلع میں ٹرکنگ پوائنٹ میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب 34 مقامات پر وسیع پیمانے پر آٹا دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ضلع کے 34 ٹرکنگ پوائنٹس پر آٹے کے 7560 تھیلے فراہم کیے گئے ہیں جس میں سے 5080 تھیلے فروخت ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ضلع میں آٹے کے نرخوں اور معیار کو بھی کنٹرول کر لیاگیا ہے جبکہ ٹڈی دل کے حملوں کے دفاع کیلئے محکمہ زراعت نے اپنا تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور ا س کے خاتمہ کیلئے ٹیمیں ضلع کے طول وعرض میں موجود ہیں۔ کمشنر نے انتظامی گرفت کو مزید مستحکم او رمضبوط بنانے کی ہدایت کی ۔ ا س موقع پر ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی، ڈپٹی کمشنر سرگودہا عبداللہ نیئر شیخ، ڈائریکٹر زراعت توسیع سرگودہا سید ہاشم رضا، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شمائلہ بانو کے علاوہ ویڈیو لنک کے ذریعے دیگر تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر بھی شریک تھے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں