عوام کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، ڈپٹی کمشنر سرگودھا

پیر 27 جنوری 2020 16:15

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کے حوالہ سے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے ہمیں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہو گا اور اس حوالہ سے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہوچکی ہے، کلین اینڈ گرین پروگرام کی کامیابی کے لئے معاشرہ کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سرگودھا(پی ایچ ای) سعد اللہ وڑائچ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچیئرمین سعد اللہ وڑائچ نے ڈپٹی کمشنر کو پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے جاری منصوبہ جات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، سرگودھا کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اندرون شہر کی سڑکوں، چوراہوں اور اہم مقامات کی خوبصورتی کے حوالہ سے بھی جامع حکمت عملی کے تحت مصروف ِعمل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ہم نے جیل روڈ کو ماڈل روڈ کی شکل دے دی ہے، اندرون شہر بالخصوص سرگودھا شہر کے مین بازاروں میں بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ سرگودھا کی خوبصورتی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سرگودھا بھرپور انداز میں کام کررہی ہے ، روایات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے اس سلسلہ کو مزید مربوط بنایا جائے اور کلین اینڈ گرین پروگرام کے حوالہ سے بھی عملی پیش رفت کرنا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں