شوگر فنڈ سے بھکر کی سڑکوں کی تعمیر کی دو سکیموں کی منظوری

بدھ 19 فروری 2020 17:20

سرگودھا ۔19فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) ڈویژنل شوگرکین سیس فنڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے ضلع بھکر کی شوگر فنڈ کی ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی سڑکوں کی تعمیر کی دو سکیموں کی منظوری دے دی ۔ کمیٹی کااجلاس کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شکیل نعمان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ارشد وٹو ‘ ایس ای ہائی ویز انصر محمود ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد ‘ سہیل احمد اور ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹرآصف فرخ او ردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

کمشنر نے واضح کیا کہ شوگرفنڈ صرف گنے کی کاشت کے علاقوںکی سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے فنڈز کے ضیاع کو روکنے کیلئے سکیموں میں معیاری میٹریل او ران کی پائیداری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

بھکر کی دو سکیموں میں ڈیرہ حسن خان پنڈیاں والا تا بستی موچیاں براستہ سارنگ ادھا کلو میٹر سڑک کی تعمیر شامل ہے جس پر پچا س لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ دوسری سکیم میں چک نمبر 29 ٹی ڈی اے تا ٹبی نور شاہ 1.20 کلو میٹر سڑک کی تعمیر ہے جس پر لاگت کا مجموعی تخمینہ ایک کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔ کمشنر نے دونوں سکیموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہد ایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں