سرگودھا: غیر معیاری کھاد‘ جعلی زرعی ادویات اور فصلوں کے غیر معیاری بیجوں کی فروخت کا سلسلہ جاری‘

منگل 31 مارچ 2020 23:43

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) ضلع بھر میں غیر معیاری کھاد‘ جعلی زرعی ادویات اور فصلوں کے غیر معیاری بیجوں کی فروخت کا سلسلہ جاری‘ جس کی بناء پر ہزاروں زمینداروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘ پنجاب حکومت کے ایسی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کے احکامات دفتری فائلوں میں دب کر رہے گئے‘ شہر بالخصوص دیہی علاقوں میں 20 سے زائد مقامات پر ڈیلرز نے بڑے بڑے سٹور لے کر ان میں اعلیٰ قسم کی کھاد میں ملاوٹ کر کے دوبارہ گٹوئوں کو بھر کر فروخت کرنے کا دھندہ شروع کر رکھا ہے‘ ایسے دو گودام پکڑے بھی گئے‘ اسی طرح 25 سے زائد گروپ شہر میں اپنے طور پر غیر معیاری زرعی ادویات تیار کر کے ان کی پیکنگ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ملتی چلتی کر کے مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں‘ مزید ستم یہ ہے کہ بڑے زرعی فارموں کے ناموں پر سبزیوں کے ایسے بیج مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں جو کہ غیر معیاری ہیں‘ سادہ لوح زمینداروں کو دو نمبر اشیاء فروخت کر کے یہ گروہ خود تو کروڑوں روپے ماہانہ اپنی تجوریوں میں بھر رہے ہیں مگر دوسری طرف زمیندار ان اشیاء کے استعمال سے فصلوں کی پیداوار میں کمی کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہاہے‘ حکومت پنجاب کو ایسے کاروبار کرنے والے عناصر کیخلاف فوری کریک ڈائون کرنا چاہیے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں