آ رپی او سرگودہا افضال احمد کوثر کا بھکر کا دورہ،شہر میںقائم قرنطینہ سنٹر میں انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 6 اپریل 2020 19:10

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا افضال احمد کوثر نے ضلع بھکر کا دورہ کیااور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر فیصل گلزار کے ہمراہ گورنمنٹ کامرس کالج بھکر میں قائم قرنطینہ سنٹر کا وزٹ کیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھکر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اوروبائی مرض کرونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کا مشاہدہ کرنے کیلئے ریجنل پولیس آفیسر افضال احمد کوثر نے دورہ کیا ۔

اُنہوںنے قرنطینہ سنٹر میں ٹھہرائے گئے افراد سے بات چیت کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار اورسب ڈویژنل پولیس آفیسر صدرسرکل نے قرنطینہ سنٹر پر سیکیورٹی انتظامات و دیگر اقدامات کے حوالے سے بریف کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں آر پی او نے پولیس افسران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر، تمام سرکلز کے سب ڈویژنل پولیس آفیسرز، سپیشل برانچ،سیکورٹی برانچ،انویسٹی گیشن برانچ، پنجاب ہائی وے پولیس(پی ایچ پی )اور ٹریفک پولیس سے میٹنگ کی جس میںدفعہ 144ضابطہ فوجداری کے نفاذ ، لاک ڈاؤن کی صورتحال اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا افضال احمد کوثر نے کہا کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایا ت پر پنجاب پولیس اپنی تفویض شدہ ذمہ داریوں کو دی گئی ہدایات کے مطابق سرانجام دینے میں مصروف ِعمل ہے۔عوام الناس کو احساس دلاتے ہوئے خبردار کیا جائے کہ صحت عامہ کیلئے وہ پولیس، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریںاوراپنے اوراپنے عزیز و اقارب کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا افضال احمد کوثر نے کہا کہ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ بھی کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے اورانشاء اللہ ہم بطورِ قوم مل کر اس موذی وباء کو شکست دینگے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں