کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن کا کردار اداکر رہے ہیں‘کمشنر سرگودھا

جمعرات 9 اپریل 2020 14:26

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن کا کردار اداکر رہے ہیں ۔حکومت اور پوری قوم اپنے پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ریاست نے ان کے ہر قسم کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مہیا کئے ہیں ۔

حکومت ڈاکٹروں کی رائے کو مقدم جانتے ہوئے اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ اس بیماری کی طوالت کی صورت میں مستقبل کالائحہ عمل مرتب کیا جاسکے۔کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔پرائیویٹ سیکٹرز کو بھی اس جنگ میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے ۔ حکومت نے کورونا مریضوں کے علاج معالجہ پر مامور تمام طبی عملے کو این 95ماسک ‘ حفاظتی لباس سمیت دیگر سامان کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے جبکہ ڈاکٹروں کی بھرتی کیلئے واک ان کے ذریعہ بھرتی کا آغاز بھی کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس طرح پیرا میڈیکل سٹاف او رنرسز کی بھرتی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹروں کو بھر پور افرادی قوت مہیا کی جاسکے۔کمشنر سرگودھا ڈاکٹر فرح مسعود نے سینئر ڈاکٹرز سے مشاورتی اجلاس میں کہاکہ معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے حکومت کی جانب سے بعض اٹھائے گئے اقدامات سے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر ز پر گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال میں 50بیڈز کا آئسولیشن مرکز کام کر رہا ہے جبکہ بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کے پیش نظر رائے میڈیکل کالج کے ٹیچنگ ہسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر دو سو بیڈز کا فیلڈ ہسپتال بنایا جارہاہے جہاں تمام طبی خدمات محکمہ صحت فراہم کرے گا اور گھروں سمیت مختلف مقامات پر قرنطینہ کے افراد کے رزلٹ مثبت آنے پر ایسے مریضوں کو فیلڈ ہسپتال میں منتقل کیا جائیگا ۔

انہوں نے بتایا کہ ڈویڑن کے تمام تحصیل ہسپتالوں میں دس سے بیس بیڈز کے آئسولیشن وارڈ بنائے گئے ہیں ۔ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے زیر تعمیر دل وارڈ کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروایا جارہا ہے او راس وارڈ میں بھی کورونا کے مریضوں کیلئے بیڈز لگائے جائیں گے جبکہ ضرورت پڑنے پر تمام نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز او رافرادی قوت سمیت دیگر مشینری کو استعمال میں لایا جاسکے گا ۔ کمشنر نے کہاکہ کورونا کو روکنے کیلئے حکومت نے تمام تر اقدامات اٹھائے ہیں جن میں لاک ڈائون ‘ قرنطینہ مراکز‘ سڑکوں ‘بازاروں او راہم مقامات کو جراثیم کش پانی سے دھونا او رعوام کی معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک تاریخی پیکج کااعلان کیا ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں