کمشنرسرگودہا کا ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ جنرل بس سٹینڈ کا دورہ ‘ انسداد کورونا احتیاطی تدابیر کاجائزہ

جمعہ 5 جون 2020 20:30

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کے ہمراہ ماڈل جنرل بس سٹینڈ سرگودہا کادورہ کیا۔ اُنہوںنے وہاں پر انسداد ِکورونا احتیاطی تدابیر کاجائزہ لیا ۔اس موقع پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فاروق حیدر عزیز، اسسٹنٹ کمشنر عمر دراز گوندل،فوکل پرسن ڈویژنل امن کمیٹی شاہین احسان مغل ‘صدر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ملک رب نواز کچھیلا ‘ صدر جنرل بس سٹینڈ ٹریڈ ایسوسی ایشن راجہ محمد یعقوب ‘جنرل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن سردار محمد اعجاز بلوچ ‘ میاں شوکت پرویز ‘ ایڈمنسٹریٹر غوث خان ‘ ٹرانسپورٹر او ردیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔

کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کے بہتر ین نظم ونسق کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹرانسپورٹ شیڈ دیکھے اور سینی ٹائیزنگ کی سہولیات گاڑیوں میں سماجی دوری کے علاوہ پٹرول کی قیمتوںمیں کمی کے باعث نئے کرایوں کاجائزہ لیا ۔ انہوں نے اس موقع پر ٹرانسپورٹروں کو ہدایت کی کہ وہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائیں ، سماجی دوری کو یقینی بنایاجائے ، بیمار افراد کو سفر کی اجازت نہ دی جائے ،کرایوں کو شیڈول کے مطابق وصول کیا جائے،انسانی فلاح اور ایثار وقربانی کے جذبے پروان چڑھائے جائیں تاکہ کورونا کی وبا ء اور آفت اللہ ہم سے دور کر لے ۔

وہ مختلف بسوں کے اندر گئیں اور سواریوں سے انسداد کورونا او رکرایوں کے بارے استفسار کیا ۔انہوں نے گرین وکلین پروگرام کے سلسلہ میں جنرل بس سٹینڈ پر تعمیر کئے گئے پارک کی خوبصورتی اور خوشگوار ماحول پر مسرت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران تنخواہ سے محروم کئے گئے نوجوان ملازم کو اس کی تنخواہ ادا کی جائے ۔

دورہ کے دوران سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فاروق حیدر عزیزنے جنرل بس سٹینڈ پر 97لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر جنرل بس سٹینڈ کے فیز تھری کے توسیع منصوبے اور ماڈل جامع مسجد کی تعمیر کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل امن کمیٹی کے فوکل پرسن شاہین احسان مغل نے کمشنر کو جنرل بس سٹینڈ کے شاندار انتظامی امور بارے آگاہ کیا او رکہاکہ جنرل بس سٹینڈ پنجاب بھر کا واحد ماڈل بس سٹینڈ ہے جہاں پر مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹروں کا رویہ انتہائی روادرانہ او رمشفقانہ ہے ۔بعدازاں انہوں نے کورونا کی وباء کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعاکروائی ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں