بے روزگاری کے خاتمے اورمقامی افراد کیلئے ضلعی سطح پر صنعتوں کا قیام وقت کا اہم تقاضا ہے ، ڈپٹی کمشنر خوشاب

جمعرات 2 جولائی 2020 17:28

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) ملک میں صنعتوں کے قیام کے بغیر پاکستان کی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا، بے روزگاری کے خاتمے اورمقامی افراد کیلئے ضلعی سطح پر صنعتوں کا قیام وقت کا اہم تقاضا ہے اور اس میں جو کردار متعلقہ چیمبرزاور سیاستدان ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر ادا کرسکتے ہیں وہ اور کوئی نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر خوشاب محترمہ مسرت جبیں نے صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس مظہر احمد ملک کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قائد آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس کی کاوشیں قابل ِتعریف ہیں جنہوں نے خوشاب جیسے پسماندہ ضلع کی ترقی کیلئے ایک اہم قدم اٹھایا اور یہاں پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے کوششیں کیں ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ زمین کے حصول کیساتھ صنعتوں کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی ۔قائد آباد میں جگہ کے حصول کیلئے سرگودھا چیمبر کی معاونت کیساتھ ساتھ انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا ،کیونکہ سرگودھا چیمبر آف کامرس کی کاوشوں سے خوشاب ضلع کی ترقی کا خواب پورا ہونے چلا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے ضلع میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی اور ضلع کیلئے ایک اچھا ریونیو اکٹھا کرکے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ مسرت جبیں نے کہا کہ سی پیک کے قریب ہونے اورسرگودھا میانوالی منی موٹروے کی تعمیر کیساتھ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے ترقی کا ایک نیا باب رقم ہوگا۔ اس موقع پر صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس مظہر احمد ملک نے ڈپٹی کمشنر خوشاب کو سرگودھا اور خوشاب میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالہ سے بریف کیا اور بتایا کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس ڈویژن بھر کے چاروں اضلاع کی نمائندگی کرتا ہے دونوں اضلاع میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ہمارا دیرینہ خواب تھا جو اب پایہ تکمیل کو پہنچنے جارہا ہے جس میں ہمیں سرگودھا اور خوشاب کی انتظامیہ کا تعاون درکار ہے ہمیں امید ہے کہ ان انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے سرگودھا اور خوشاب کے ہزاروں خاندانوں کو بہتر روزگار کے مواقع میسر آئینگے ۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کے حکم پر محکمہ ریونیو نے قائد آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے مختلف جگہوں کا چیمبر کے وفد کو دورہ کروایا۔ وفد میں مرزا فضل الرحمن‘ مہناز عطاء چوہدری‘ محسن مہدی‘ حسن یوسف‘ ملک سعد اللہ اور دیگر شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں