آرٹ سے وابستہ شعبہ جات کو فعال بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں:ڈائریکٹر

منگل 29 ستمبر 2020 18:35

سرگودھا ۔29ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) ڈائریکٹر سرگودھا آرٹس کونسل غلام عباس کگھہ نے کہا ہے کہ آرٹ اور زندگی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ آرٹ سے وابستہ شعبہ جات کو فعال بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ کیلی گرافی اور موسیقی کے فروغ کے لیے خصوصی کلاسز کا عنقریب اجرا کر دیا جائے گا۔

نوجوانوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کا رجحان بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شاعری ، تحریر و تقریر اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے احباب کی ہر ممکنہ حوصلہ افزائی کے لیے آرٹس کونسل ہمہ وقت مصروف ِعمل ہے۔ قبل ازیں سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ خالقیہ ہائی سکول سید احتشام الحق ہمدانی ، پروفیسر(ر) میجرڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، فہیم حسن چاند، مرتجز حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل عدنان خالق بھٹی ،اکانٹس آفیسر آرٹس کونسل ثاقب علی رضا اور محمد علی تبسم نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

غلام عباس کگھہ نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل کا کیمپس حکومتی ہدایات ملتے ہی علمی و ادبی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں کی تقریبات کیمپس میں منعقد کرنے والوں کو خصوصی رعایت سے نوازا جائے گا۔ سینئر ہیڈ ماسٹر سید احتشام الحق ہمدانی نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران تعلیمی کمی کو پورا کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں ہنگامی طور پر تدریسی سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

والدین کو چاہیے کے وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں۔ تعلیمی اداروں سے مستقل رابطہ قائم رکھیں۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ ہمارا کل ان کی تعلیمی سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔ والدین کی معمولی سی غفلت بچوں کے مستقبل کو تاریک کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ موبائل اور لیپ ٹاپ کے بے جا استعمال سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ بچوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے والدین اور اساتذہ میں رابطہ بہت ضروری ہے۔ زندگی عمل سے بنتی ہے باتوں سے نہیں۔ مرتجز حسین نے ملّی نغمہ جب کہ فہیم حسن چاند نے ہدیہٴ نعت بحضور سرورِ کائناتؐ پیش کیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں