سرگودھا کے نواحی علاقوں میں بارش اور سیم نالے بھر گئے، صورتحال پر قابو نہ پایا جاسکا

منگل 29 ستمبر 2020 20:21

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2020ء) سرگودھا کے نواحی علاقوں دھریمہ،لک موڑ کی نواحی آبادیاں، سٹیل مل کالونی،بھیرہ کے درجنوں دیہات میں ایک ماہ بعد بھی بارش اور سیم نالے کے اوور فلو ہونے کے باعث پیدا ہونیوالی صورتحال پر قابو پایا جا سکا اور نہ ہی کاروبار زندگی معمول پر آ سکا،بلکہ نکاسی آب کے مناسب اقدامات نہ اٹھائے جانے کی وجہ سے دیہی آبادیوں اور فصلات و کھلے مقامات پر کھڑا پانی سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے اس امر کا انکشاف انٹیلی جنس ادارے کی مانیٹرنگ رپورٹ میں ہوا جو گزشتہ رو ز کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو ارسال کر دی گئی ہے، اس میں مزید بتایا گیا کہ نہ صرف فصلیں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں بلکہ گندگی اور تعفن کے باعث بیماریاں اور ڈینگی مچھر پیدا ہونے کے شدید خطرات لاحق ہیں،ہزاروں گھرانے انتہائی ابتری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،انتظامیہ کی جانب سے سدباب نہ کئے جانی کی واضح نشاندہی کرتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا کہ کسمپرسی کا شکار لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب اور بحالی کیلئے کوشاں ہیں مگر صورتحال روزبار وز ابتر ہوتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے متاثرین میں شدید غم و غصہ کی فضا بھی قائم ہو چکی ہے،رپورٹ میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی ممبران اسمبلی کے خلاف احتجاج کا قوی امکان ظاہر کرتے ہوئے ڈویڑنل و ضلعی ایڈمنسٹریشن کو ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں