سرگودھا،چکوک کے اطراف میں نکاسی آب کیلئے بنائے گئے تالابوں پرمٹی ڈال کر قبضہ کرنے کے انکشاف پر کمشنر کے احکامات جاری

پیر 26 اکتوبر 2020 18:48

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) چکوک کے اطراف نکاسی آب کیلئے بنائے گئے تالابوں پر مٹی ڈال کر قبضہ کرنے کے انکشاف پر کمشنر سرگودھا نے ڈپٹی کمشنر کو کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے ، ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس ادارے نے ڈویژنل انتظامیہ کو اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا ہے کہ سرگودھا میں چکوک کے قیام کے وقت نکاسی آب کیلئے دیہی آبادیوں کے باہر بڑے بڑے تالاب بنائے گئے تھے ،اور تمام کے تمام سرکاری جگہوں پر قائم ہوئے ، مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بااثر افراد نے ان تالابوں پر مٹی ڈال کر قبضہ کر کے پختہ تعمیرات قائم کر لیں، اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ، اس ضمن میں محکمہ مال کی مبینہ ملی بھگت کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ قبل ازیں صورتحال کے تدارک کیلئے سابقہ انتظامیہ اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کر چکی ہے مگر کسی قسم کی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی بلکہ یہ سلسلہ اب دراز ہو چکا ہے اور لگ بھگ تین سو سے زائد دیہات ایسے ہیں جہاں نکاسی آب کیلئے بنائے گئے سرکاری تالابوں پر مٹی ڈال کر لوگوں نے قبضہ جما رکھے ہیں، جس کے باعث ان دیہات میں نکاسی آب کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ، جس پر کمشنر سرگودھا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے فوری ایکشن لے کر جگہیں واگزار کروانے کے ساتھ ساتھ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور مربوط حکمت عملی اختیار کر کے مستقل بنیادوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں