کمشنر و ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا یونیورسٹی روڈ پر زیر تعمیر بوٹانیکل گارڈن کامعائنہ

باغ میں واکنگ ٹریک ‘ بینچ کی تعمیر ،عوام کی تفریحی ،درختوں کی حفاظت کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 23 جنوری 2021 15:21

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے سرگودھا شہر میں یونیورسٹی روڈ پر زیر تعمیر بوٹانیکل گارڈن کامعائنہ کیا۔زرائع کے مطابق کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود اور ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیر شیخ نے باغ میں واکنگ ٹریک ‘ بینچ کی تعمیر اور عوام کی تفریحی او رباغ کے تاریخی درختوں کی حفاظت کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے یاسر بھٹی نے بتایا کہ بوٹانیکل گارڈن کو مارچ کے وسط تک عوام کیلئے کھول دیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ باغ میں کئی دہائیوں سے موجود درختوں اور عمارت کے نیچے پیلی لائٹس لگانے کاکام ایک ہفتہ میں مکمل کر لیاجائیگا۔ اس طرح واکنگ ٹریک ‘ لکڑی کے بینچ کا کام بھی مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ بوٹانیکل گارڈن کے یونیورسٹی روڈ اور کچہری روڈ کی جانب سے آنے والی سڑک پر دو لکڑی کے خوبصورت دروازے بنائے جائیں گے اورگارڈن میں فلورا مارکیٹ بنائی جائے گی جس کیلئے نرسریوں کیلئے لکڑی کے کیبن ایک ڈیزائن وسائز میں بنائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ باغ میں عوام کی انٹرٹینمنٹ کیلئے مختلف فوڈ سٹالز کومدعو کیاجائیگا۔ ڈی جی پی ایچ اے نے کہاکہ بوٹانیکل گارڈن یونیور سٹی روڈ کالجز کے طلبہ کیلئے نادر منصوبہ ہو گا۔ مقامی سطح پر مختلف نباتاتی جڑی بوٹیاں بھی میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ نباتاتی پودوں اوردھائیوں پرانے درختوں سے عوام کو بہتر قدرتی ماحول دیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے کہاکہ تاجروں او رمختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد کو مدعو کیا جارہاہے۔ اس باغ کو مزید خوبصورت اورعوام کیلئے دلکش بنانے کیلئے اپنی آراء دیں۔ کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے باغ میں جاری تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے اہلیان سرگودہا کیلئے خوشگوار ہوا کا جھونکا قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں