ڈاکٹر وزیر آغا کے صد سالہ یوم ِپیدائش کے موقع پر ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد

بدھ 18 مئی 2022 23:29

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہاہے کہ عالمی شہرت یافتہ نقاد، انشائیہ نگار، شاعر و ادیب، مدیر ’’اوراق‘‘ ڈاکٹر وزیر آغا کا صد سالہ یوم ولادت اہل علم و دانش کے لیے مسرت و شادمانی کا موقع ہے، اْن کی عالمی اَدب کے لیے خدمات کو سنہری حروف سے رقم کیا جارہا ہے، ڈاکٹر وزیر آغا نے تحقیق و تنقیداور انشائیہ میں کمالِ فن کا مظاہرہ کیا، اْن پر ہونے والا تحقیقی کام اْن کی علمی و ادبی قدر و منزلت کا گوا ہ ہے، گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر 1 سرگودھا کا یہ تاریخی اعزاز ہے کہ وزیر آغا نے 1937ء میں اس ادارہ سے میٹرک کا امتحان پاس کیا، سرگودھا کے ادبی اْفق پر اْن کا نام ہمیشہ روشن رہے گا۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے طلبا ء قدیم اور طلباء جدیدگورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر 1 کے زیر اہتمام ڈاکٹر وزیر آغا کے صد سالہ یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممتاز شاعر و ادیب ممتاز عارف ، پر نسپل ظفر محمود ملک و دیگر مقررین نے بھی اظہارخیال کیا۔ تقریب میں طالب علموں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ ڈاکٹر وزیر آغا کا شمار اْن ادبی اکابر میں ہوتاہے جنھوں نے اْردو اَدب کے فروغ میں تاریخی کرادر ادا کیا اور فنِ تنقید کے اْصولی مباحث کو اَدب کے عام طالب علم تک پہنچانے کی کوشش کی، ادبی جریدہ ''اوراق'' نے ان کی زیر سرپرستی ''دبستانِ سرگودھا '' کو پروان چڑھایا، اْن کی شامِ دوستاں میں شا مل احباب نے اَدب کی آبیاری کے لیے تحریک کی صورت کام کیا،حکومت نے اْنھیں دو بڑے اعزازات تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سے نوازا۔

ممتاز عارف نے کہا کہ ڈاکٹر وزیر آغا نے عالمی ادب میں اپنا مقام و مرتبہ بلند کیا، اْن کا نام کئی مرتبہ نوبل پرائز کے لیے نامز دہوا۔ ڈاکٹر وزیر آغاکے انتقال کے بعد اْن کی تحریروں نے اْنھیں زندہ رکھا ہوا ہے، اْردو تنقید میں ڈاکٹر وزیر آغا کے تحقیقی جواہر سے اہل مغرب بھی استفادہ کر رہے ہیں، ڈاکٹر وزیر آغا نے تمام عمر علم و ادب کی آبیار ی کی، سرگودھا ادبی حوالے سے اْن کا ہمیشہ احسان مند رہے گا۔

عبدالرحمن کوثر نے کہا کہ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر 1 کی خوش بختی ہے کہ یہاں قد آور ادبی شخصیات زیر تعلیم رہیں، اْن کی ولادت کا صد سالہ جشن یہاں کے طالب علموں کے لیے عزت افزائی کا مقام ہے۔ پرنسپل سکول ظفر محمود ملک نے کہا کہ تخلیق کار کبھی نہیں مرتا ، اْس کا تخلیقی سرمایہ اْسے زندہ رکھتاہے، ڈاکٹر وزیر آغانے 21ویں صدی میں جو عالمی شہرت حاصل کی وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آئی، قومی سطح پر اْن کی تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے میں بخل سے کام لیا گیا ہے۔

حافظ عبدالرحیم نے کہا کہ ڈاکٹر وزیر آغا اپنی ذات میں ادبی تحریک تھے، اْردو شاعری اور نثر کے حوالے سے اْن کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے، ادبی جریدہ ''اوراق'' میں شائع ہونے والا تخلیقی مواد محققین کے لیے ایک خزینہ ہے، وزیر آغا کی تحقیقی روایات کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں