ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کا صفائی امور کا جائزہ لینے کے لیے شہر کی یونین کونسل5 اور علی پارک کا دورہ

بدھ 29 جون 2022 18:19

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر ارشاد احمد نے صفائی امور کا جائزہ لینے کے لیے شہر کی یونین کونسل5 اور علی پارک کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے شہریوں کی جانب سے جگہ جگہ کوڑا کرکٹ پھینکنے اور تعمیرات مکمل ہونے کے باوجود فالتو میٹریل نہ اٹھانے کا نوٹس لیتے ہوئے سی او ایم سی کو ایسے افراد کو بھاری جرمانے عائد کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تمام یونین کونسلوں میں عارضی کولیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں شہری ان مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے تاکہ ایم سی کا عملہ بروقت اٹھا سکے۔ انہوں نے یو سی سٹلائٹ ٹاؤن کے بلاک ڈی کی مختلف گلیوں میں صفائی اور سیوریج سسٹم چیک کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مین بازاروں ،سڑکوں اور چوراہوں کے بعد اب وہ شہر کی تمام یونین کونسلوں کے اندورن علاقوں اور گلیوں کا معائینہ کریں گے تاکہ وہاں پر بھی صفائی نظام کو بہتر اور سیوریج کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے علی پارک کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر سی او ایم سی طارق پرویا نے بتایا کہ اندورن شہر کی آبادیوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے والا مین پائپ علی پارک کے قریب ٹوٹ گیا تھا اور سیوریج کا پانی پینے کے پانی میں مکس ہو رہا تھا جس پر ہنگامی بنیادوں پر پائپ کی تبدیلی کی گئی اور اگلے 12گھنٹوں میں شہریوں کو پینے کا پانی دستیاب ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں