ہمارے قومی مسائل کا حل اجتماعی کوشش میں مضمر ہے، ڈینگی وائرس کے خاتمہ میں محکمہ تعلیم کا کردار مثالی رہا،سید اعجاز حسین کاظمی

منگل 5 جولائی 2022 22:23

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2022ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید اعجاز حسین کاظمی نے کہاہے کہ جس طرح پاک فوج سرحدوں کا دفاع کرتی ہے اسی طرح شعور بیدار کرنے کے لیے محکمہ تعلیم کے اساتذہ مسلسل جدوجہد کرتے ہیں۔ ہمارے قومی مسائل کا حل اجتماعی کوشش میں مضمر ہیں۔ ڈینگی وائرس کے خاتمہ میں محکمہ تعلیم کا کردار مثالی رہا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریڈیو پاکستان کے پروگرام دانش کدہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید اعجاز حسین کاظمی نے مزید کہا کہ ہمارے اساتذہ تدریسی فرائض منصبی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قومی شعور بیدار کرنے کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ تحصیل ، ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل سطح کے سیمیناروں ، تحریری و تقریری مقابلہ جات کا اہتمام کر کے ملک کو درپیش مسائل کے حل کا راستہ نکالنے کے لیے اساتذہ کی سوچ قابل احترام ہے۔

(جاری ہے)

مفتی عمار حسن نے کہا کہ زندگی مسلسل قربانی سے گزر رہی ہے لیکن راہ خدا میں جانور قربان کرنا تقویٰ کا اظہار ہے۔ اللہ تعالیٰ کو ہمارے گوشت کی ضرورت نہیں۔ خالق کائنات جذبے ، خلوص اور تقویٰ کو پسند کرتے ہیں۔ سنتِ ابراہیمی کی تکمیل کے لیے ہمیں اخلاص کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اپنے جانوروں پر فخر کرنا، نمودونمائش کرنا جائز نہیں ہے۔ اس موقع پر مفلوک الحال لوگوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ ہماری قربانی پر غربا کا بہت حق ہے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کا اندازِآدابِ والدین قابل تقلید ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں