صوبائی وزیرمنصور قادر کاشہر کے مفت آٹا تقسیم سنٹرز کادورہ، سہولیات کا معائنہ کیا

جمعرات 30 مارچ 2023 18:14

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن وسکول ایجوکیشن منصور قادر نے مفت آٹے کی تقسیم کیلئے شہر میں قائم مختلف سنٹرز کا معائنہ کیا اور شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر محمد اجمل بھٹی، ریجنل پولیس آفیسر شارق کمال صدیق اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)شعیب علی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیرمنصور قادر نے براؤن پیلس،ڈیفنس آرچرڈ، تاج بنکویٹ ہال اور سکینڈری بورڈسمیت دیگر سنٹرزپر مفت آٹے کی تقسیم کیلئے قائم مختلف کاونٹرز پر شناختی کارڈ کی سکینک‘ ٹوکن کے اجراء اور مستحق افراد کو آٹے کے تھیلے کی فراہمی تک کے تمام امور کاجائزہ لیا۔ اُنہوں نے انتظامیہ کوہدایت کی کہ مفت آٹے کی فراہمی کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنایاجائے تاکہ شہریوں کو مفت آٹے کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے نیک نیتی کے ساتھ مفت آٹے کی سکیم کا آغاز کیاہے مہنگائی کے اس دور میں حکومت ِپنجاب غریب کا ساتھ دے رہی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور کابینہ ممبران آٹے کی تقسیم کے حوالے سے انتظامی امور کا موقع پر جا کر جائزہ لے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر منصور قادر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اپنے ا چھے مقصد میں کامیاب ہو گی۔

سرکاری سطح پر پہلی بار عوام کو مفت آٹا فراہم کیاجارہاہے۔ عوام صبروتحمل کامظاہرہ کریں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل نہ ہونے والے افرادکو بھی آٹا ضرور ملے گا۔پنجاب حکومت غریب عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کر رہی ہے او رمفت آٹا سنٹرز پر غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مفت آٹے کے حصول کیلئے مرد وخواتین سے ملاقات بھی کی اور ان سے درپیش مسائل کی آگاہی لی او رمتعلقہ افراد کو موقع پرہدایات جاری کیں۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں