شہداد پور، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نے حیسکو کے خلاف مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرا دی

پیر 20 مئی 2019 19:04

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) حیسکو نے شہر کی اسٹریٹ لائٹس کاٹ دی ، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نے حیسکو کے خلاف مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرا دی ۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو شہدادپور نے میونسپل کمیٹی کی جانب سے بجلی کے مقرر کردہ یونٹ کو کم قرار دیتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں کی اسٹریٹ لائٹس کاٹ دی جس کی وجہ سے پورا شہر رات کے اوقات میں اندھیرے میں ڈوب گیا ہے ۔

پوری رات بالخصوص سحری اور فجر کی نماز کے اوقات میں گلیوں میں اندھیرا ہونے کی وجہ سے شہریوں کو نماز کے لئے سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے حیسکو ٹو کے مختلف علاقوں سوائی روڈ ، شاہ فیصل کالونی ، مسلم ٹائون ، نورآباد کالونی ، مدنی کالونی ، غلہ منڈی، مغل پاڑہ ، ہرداسپورہ ، محمدی ٹائون ، مہاجر کالونی ، اسلام آباد محلہ ، چاکی پاڑہ ، ناگے شاہ روڈ سمیت عبدالسلام تھہیم فلائی اوور کی بھی بجلی کاٹ دی گئی ہے اور ان میں سے اکثر علاقوں میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے لگائے گئے سیور ، تار ، بٹن اور ہولڈر اتار دئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے میونسپل کمیٹی شہدادپور کے چیئرمین علی مرتضیٰ تھہیم نے بلا جواز اسٹریٹ لائٹس کاٹنے اور سیور و دیگر سامان اتارنے کی غیر ذمہ دارانہ کاروائی کے خلاف میونسپل کمیٹی کی جانب سے حیسکو ٹو شہدادپور کے ایس ڈی او کے خلاف مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرا دی۔

(جاری ہے)

اس کاروائی کے بعد حیسکو ٹو کی جانب سے کئی علاقوں کی بجلی تو کاٹ دی گئی ہے لیکن دیگر سامان لگے رہنے دیا ہے ۔ اس سلسلے میںحیسکو افسران کے مطابق شہر میں رات کے اوقات میں چلنے والی اسٹریٹ لائٹس کے کم یونٹ کی ادائیگی پر بجلی کاٹی گئی ہے ۔ جبکہ میونسپل کمیٹی شہدادپور کے چیئرمین علی مرتضیٰ تھہیم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ میونسپل کمیٹی شہدادپور کی جانب سے حیسکو ون اور ٹو میں اسٹریٹ لائٹس کی مد میں تین تین ہزار یونٹ کے حساب سے ماہانہ پیمنٹ کی جاتی رہی ہے لیکن حیسکو افسران کی جانب سے ہمیں بلیک میل کرتے ہوئے ون اور ٹو میں پندرہ پندرہ ہزار یونٹ کے حساب سے رقم ادا کرنے کا زبر دستی کہا گیا اور بنا کسی فیصلے کے بجلی کاٹ کر میونسپل کمیٹی کی جانب سے لگائے گئے سیو ر ، بٹن ، تار اورہولڈر بھی اتار لئے گئے جس پر ہم نے میونسپل کمیٹی کی جانب سے مقامی تھانے میںرپورٹ درج کرائی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

شہدادپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں