مون سون کی حالیہ بارشوں نے سندھ میں تباہی مچادی ہے، محمد حسین محنتی

املاک اور کپاس کھجو کے فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے سندھ کو آفت زدہ قرار دیکر متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے اقدامات کئے جائیں: امیر جماعت اسلامی سندھ

جمعرات 28 جولائی 2022 22:49

ٹنڈوآدم /شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2022ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مون سون کی حالیہ بارشوں نے سندھ میں تباہی مچادی ہے، املاک اور کپاس کھجو کے فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔سندھ کو آفت زدہ قرار دیکر متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ سندھ حکومت کی نااہلی اور بلدیاتی اداروں کی غفلت کی وجہ سے عوام املاک سے محروم گندے پانی، مچھروں سمیت وبائی امراض کی وجہ سے دہرے عذاب میں ہیں۔

مہنگائی اور روپے کی بے قدری و ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان حکومت کی مفاد پرستانہ و ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ عوام مہنگائی بارش سے پریشان اور حکمران ٹولہ امریکی غلامی و اقتدار کی رسا کشی میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

ن لیگ پی پی اور پی ٹی آئی سمیت تقریبا ملک کی تمام پارٹیاں کسی نہ کسی طرح اقتدار میں موجود ہیں مگر پھر بھی عوام مسائل اور ملک بحرانوں کے دلدل میں پھنستا جا رہا ہے اس لیے حل صرف جماعت اسلامی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگھڑ، سنجھورو، کھڈرو، ٹنڈوآدم کے تنظیمی دورے کے بعد شہدادپور پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرس سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر ضلع محمد رفیق منصوری، جنرل سیکرٹری عبدالغفور انصاری، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا صدر پریس کلب الیاس خلجی ارشاد ظفر بخاری اور ارشد خاصخیلی بھی ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ تیل و کپاس کی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود بارش کی وجہ سے پورے ضلع سانگھڑ کی حالت زار قابل تشویش ہے۔

گزشتہ 14 سالوں سے سندھ میں برسر اقتدار پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کے ٹیکس کا پیسہ شہروں کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرتی تو آج سانگھڑ سمیت پورے سندھ کی یہ ابتر صورتحال ہرگز نہ ہوتی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ شہباز شریف کی قیادت میں قائم اے پی ڈی ایم کی حکومتی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ائی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر آئے روز بجلی پیٹرول گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔

ان کی ناکام معاشی پالیسیوں کا اس سے اندازہ لگائیں کہ جب پی ٹی آئی سے ان کو حکومت ملی تو ڈالر 178 روپے کا تھا آج ڈالر 246 کا ہوگیا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے سانگھڑ کے قریب یوسی گجری میں سیلاب متاثرین کا دورہ، ٹینٹ ودیگر امدادی سامان تقسیم اورالخدمت کے تحت قائم خیمہ بستی کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے عوام کی مدد کرے مگر جماعت اسلامی اپنے بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے الخدمت کے رضاکاروں اور جماعت اسلامی کے ذمے داران کو ہدایات دیں کہ وہ بارش متاثرین کی ہرممکن مدد کریں۔ الخدمت کے صدر محمد رشید راجپوت نے کہاکہ الخدمت کے تحت متاثرین کو ٹینٹ، پکایا کھانا سمیت ہرممکن مدد کی جا رہی ہی

شہدادپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں