شانگلہ، جے یوآ ئی اور پی پی کو شدید جھٹکا،الپوری میں اہم خاندان تحریک انصاف میں شامل

جمعہ 20 جولائی 2018 20:09

الپوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) شانگلہ میں جے یوا ئی اور پی پی کو شدید جھٹکا،الپوری میں اہم خاندان تحریک انصاف میں شامل ۔شمولیتی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر وامیدوار پی کے 23شانگلہ شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ شانگلہ پر دو دہائیوں سے حکومت کرنے والوں نے شانگلہ کو پسماند گی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ،یہاں سے منتخب نمائندوں نے ایک سازش کے تحت اس علاقے کو ترقی دینے کی بجائے مسلسل نظر انداز کر دیا ہے،شانگلہ کے عوام نے موقع دیا اور ایوان اقتدارتک پہنچا دیا تو یہاں کے محرومیوں کو دور کریں گے اور شانگلہ کی تقدیر بدل کر رکھ دوں گا۔

شانگلہ میں سیاحت کے حوالے سے بے پناہ قدرتی مناظر موجود ہیں ان سے فائدہ اٹھاکر یہاں کے بے روزگارنوجوانوں کو اس کے گھر کے دہلیز پر روزگار فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

شانگلہ کے عوام کو موقع ملا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں کہ وہ ماضی کی طرح دوبارہ دھوکہ کھائیں گے یا ووٹ کا صحیح استعمال کرکے شانگلہ کی تقدیر بدل دیں -ان خیالات کا اظہار پی ٹی ائی کے امیدوار پی کے 23 شوکت یوسف زئی نے گزشتہ روز شانگلہ کے یونین کونسل الپوری اور شگئی میں شمولیتی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

شمولیتی تقاریب سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء ڈاکٹرریاض احمدخان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پی پی کے سرگرم رہنماء مظفرحسین خان، سردار حسین مانجا، انجینئر اصغرعلی،ڈاکٹرجوادعلی،قیصر علی جبکہ جے یو ائی کے انجینئر نعمان منیر،رضوان منیرودیگر نے اپنے خاندان اور دیگر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ۔

شوکت یوسف زئی نے انے والے افراد کو پارٹی کی ٹوپیاں پہنائی اور ان کو پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد دی۔ شمولیتی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ہم نے شانگلہ کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت سے فنڈ لایا جبکہ مسلم لیگ کی ضلعی حکومت اور ضلع ناظم شانگلہ نے ایک سازش کے تحت فنڈ پرحکم امتناعی لیا اور یہاں کیلئے انے والے فنڈکو متنازع کردیا جو شانگلہ کے عوام کے ساتھ کھلی دشمنی ہے۔

انھوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈپر عائد حکم امتناعی کے ارڈر دکھائیں۔ہم عمران خان کے وژن کو پورا کرکے دکھائیں گے۔کرپٹ سیاست دان تحریک انصاف کے خلاف اکھٹے ہورہے ہیں عوام25جولائی کو مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے۔عوام25جولائی کو تحریک انصاف کو ووٹ دے کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں