غیرت کے نام پر بھائیوں نے بہن اور چچازاد بھائی کو قتل کردیا

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 اور 311 کے تحت مقدمہ درج کر کے ابتدائی طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا

جمعہ 16 نومبر 2018 18:54

شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) ضلع شانگلہ کی تحصیل مرتونگ کے علاقے لاڑے میں دو بھائیوں نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی 15سالہ بہن اور 27 سالہ چچازاد بھائی کو قتل کردیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق علاقے کے سب ڈویژنل پولیس افسر زیرب گل نے بتایا کہ لڑکی کے بھائیوں کو شبہ تھا کہ دونوں کے مابین غیر اخلاقی تعلقات ہیں جس پر انہوں نے غیرت کے نام پر دونوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ قاتل کے والد نے پولیس کو بتایا کہ دونوں مقتولین آپس میں چچا زاد تھے جس میں لڑکی غیر شادی شدہ جبکہ قتل ہونے والے شخص محمد کے 4 بچے تھے۔دوسری جانب مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ اس کے 2 بھتیجوں نے ان کے بیٹے کو اس وقت قتل کیا جب وہ کھیتوں میں کام کررہا تھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دونوں افراد میرے بیٹے کو قتل کرنے کے بعد اپنے گھر گئے اور اپنی بہن کو بھی قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان موقع واردات سے فرار ہوچکے ہیں اس حوالے سے مقامی افراد نے بتایا کہ ایک ہفتے قبل علاقائی عمائدین کے جرگے میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ مشتبہ تعلقات کی بنا پر لڑکے اور لڑکی کی شادی کردی جائیگی۔سب ڈویژنل پولیس افسر کے مطابق پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 اور 311 کے تحت مقدمہ درج کر کے ابتدائی طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں