عوام کے پیسے عوام کی خدمت کے لیے صحیح جگہوں پر خرچ کریں گے،شوکت یوسفزئی

جمعرات 29 نومبر 2018 23:45

شانگلہ۔29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہاہے کہ 30 سالوں سے فنڈ کھانے والوں نے تین مہینوں کے بعد منفی پروپیگنڈا شروع کردیا ہے ایک سال میں دو روڈ بھی بناتے تو آج شانگلہ میں 60 روڈ ہوتے اور شانگلہ اتنا پسماندہ نہ رہتا ان خیالات کا اظہاارنہوں نے حلف اٹھانے کے بعد شانگلہ کے پہلے دورے کے موقع پر کیا۔

شوکت علی یوسفزئی نے شانگلہ کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ علاقے کی عمائدین سے ملے اور لوگوں کے شکایات سنیں۔شانگلہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور یہاں تعلیم کے شعبے میں محرومیوں کو ختم کرنے کے لئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ شانگلہ میں بہت جلد ٹکنیکل کالج بنائیں گے تاکہ یہاں سے ہنر مند نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

(جاری ہے)

سیاسی مخالفین کے منفی پروپیگنڈا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تیس سال تک جان بوجھ کر شانگلہ کو سیاسی مفادات کے لیے پسماندہ رکھا گیا لیکن اب وہ اس کو ایک ماڈل ضلع بنائیں گے اور یہاں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے۔ ترقیاتی کاموں میں معیار کے بارے میں شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ چھوٹے سے چھوٹے کام میں بھی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا اور جہاں سے بھی کوئی شکایت موصول ہوئی تو ٹھیکیدار سمیت ذمہ داروں کو جیل میں ڈالا جائے گا انہوں نے کہا کہ سارے کام عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہوتے ہیں اور عوام کے پیسے عوام کی خدمت کے لیے صحیح جگہوں پر خرچ کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ شانگلہ کے عوام نے بہت جذبے سے ان کو ووٹ دیا ہے وہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انتقام کی سیاست نہیں کرتے اور جنہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کو ووٹ نہیں دیا انکے بھی ہر جائز کام کو مکمل کیا جائے گا۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں