وزیراعظم عمران خان کشمیر کاز مؤثر انداز میں جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے ،شوکت یوسفزئی

پیر 23 ستمبر 2019 23:57

شانگلہ۔23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کشمیر کاز مؤثر انداز میں جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے جس کے دیرپا اثرات دنیا دیکھے گی ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑے ہیں قوم کے مستقبل سے کھیلنے والے ان چوروں کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل نہیں ہوگی نرمی اس صورت میں ہوگی جب لوٹی ہوئی دولت قومی خزانے میں واپس جمع کی جائے گی افسوس کہ تحریک انصاف کی حکومت مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی مولانا فضل رحمان حکومت مخالفت میں اسلام و ناموس رسالت (ص) کے نام پر سیاست اور مدارس کے معصوم بچوں کے استعمال سے بھی گریز نہیں کر رہے مگر انکی یہ مکروہ کوشش ابھی سے ناکامی کا منہ دیکھ رہی ہے وہ ماضی میں مسلسل کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے اور پرکشش مراعات لیں اب وقت آگیا ہے کہ وہ کشمیریوں کا حق ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ پریس کلب الپوری کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے شانگلہ پریس کلب کے صحافیوں کو بیس لاکھ روپے گرانٹ کا چیک دیا شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے جس پر ہم آنچ نہیں آنے دیں گے انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے جس پر کام جاری ہے اس کی بدولت خیبر پختونخوا میں بھی انڈسٹریل زون بنیں گے اور ترقی کا سفر تیز ہوگا بجلی منافع اور سی پیک پر سیاست چمکانے والوں نے اپنے دور حکومت میں یہ مسائل کیوں نہیں اٹھائے اور اب کیوں لوگوں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی منافع پر وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی تھی مگر کارکردگی کمزور ہونے کیوجہ سے اب نئی کمیٹی بنائی گئی ہے جو جلد قومی مفاد کے مطابق سفارشات پیش کرے گی انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد وزیراعظم کا اعلان کردہ سو ارب روپے کا پیکج اب قبائلی اضلاع کی ترقی پرخرچ ہو گا انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام دستیاب وسائل کا استعمال شفاف طریقے سے ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ شانگلہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں کروڑہ تا لوگے، کروڑہ تا چکیسر روڈ، کانا میں ڈگری کالج، شانگلہ مالم جبہ روڈ اور دیگر کئی اہم ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ انہیں پتہ ہے کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے دیگر مشکلات بھی ہیں لیکن یہ سب مسائل گزشتہ حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے ہیں جن کے سبب ملک بحران سے دوچار ہو گیا ہے صوبائی وزیر نے اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 2008ء تک چھ ہزار ڈالر سے بڑھا کر پندرہ ہزار ڈالر غیر ملکی قرض لیا مگر نواز شریف نے اسے کم کرنے کی بجائے مزید تیس ارب ڈالر قرض لے لیا ماضی میں تمام سرکاری ادارے جن میں واپڈا، ریلوے، پی آئی اے اور سوئی گیس شامل ہیں خسارہ میں چلے گئے تھے ہم نے ملک کو قرضہ سے نکالنے، اخراجات کم کرنے اور آمدن بڑھانے کیلئے کام کیا اسی طرح آصف زرداری اور نواز شریف نے صرف امریکہ کے دورے پر کروڑوں کا خرچہ کیا مگر وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک ہر دورہ پر خرچ سب سے کم ہے کیونکہ ہم قومی سرمایہ کو مقدس امانت سمجھتے ہیں شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی موجودہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر کے اخراجات بھی کم کر دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر ایشو پر دنیا نے پہلی بار پاکستان کے موقف کو مان لیا ہے سابقہ حکمرانوں نے ملک کو این جی او کی طرح چلایا ہے اب نوکریاں میرٹ پر ہوگی انہوں نے شانگلہ کے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اب شانگلہ میں کلاس فور بھرتی کو بھی صاف شفاف بنا کر قرعہ اندازی کے ذریعے کرایا جائے گا وزیراعظم عمران خان کے دور میں ادارے مضبوط ہو رہے ہیں دیگر اداروں کی طرح واپڈا کو بھی خسارہ سے نکالا جا رہا ہے وزیراعظم عمران خان ملک کا امیج بہتر بنا رہے ہیں افغانستان کا امن دراصل پاکستان کا امن ہے امن کی بدولت دونوں ممالک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونگے سی پیک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رشکئی اور حطار انڈسٹریل زون اور ہاؤسنگ سکیم پر کام شروع کر رہے ہیں مولانا فضل رحمان کے بارے میں کہا کہ مولانا کو اسلام آباد میں بنگلہ چاہئے تحریک انصاف نے اکیلے دھرنا دیا تھا مولانا فضل رحمان ہر پارٹی کے پاس جا کر تعاون کی بھیک مانگتا پھر رہا ہے اور دھرنے میں شرکت کیلئے درخواستیں کرتا پھر رہا ہے مگر سب کو معلوم ہے کہ وہ وقعت کھو چکا ہے اور اپنی سیاست زندہ رکھنے کیلئے دینی کارڈ کے غلط استعمال سے بھی گریز نہیں کر رہا انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت جنگ کا خدشہ ہے جو پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے اسلئے 27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کشمیر کاز کو مؤثر انداز میں جنرل اسمبلی میں اجاگر کریں گے انہوں نے کہا کہ مودی نے غلطی کر دی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان اپنے متعصب طرز عمل کے نتیجے میں ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لگی ہوئی آگ اب مودی کے ساتھ پورے بھارت کو جلائے گی انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں جانے سے پہلے وزیراعظم نے دوست ممالک کو اعتماد میں لے لیا ہے جو سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں