شانگلہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی کے گھر پر حملہ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

پولیس نے عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے رہنما کے گھر پر حملے کی ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی

اتوار 25 ستمبر 2022 15:15

شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2022ء) خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کی تحصیل مارتونگ کے علاقے ٹٹوالان میں جمعہ کی شب مسلح افراد نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان کے گھر پر حملہ کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ایم پی اے کے گھر پر کیے گئے حملے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کے مطابق حملہ آور آدھے گھنٹے تک گھر پر فائرنگ کرتے رہے اور بعد میں علاقے سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے رہنما کے گھر پر حملے کی ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔فیصل زیب خان کی رہائش گاہ پر حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے ضلع میں دہشت گردی کے ممکنہ دوبارہ سر اٹھائے جانے کے خدشات پر تشویش کا اظہار کیا۔اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان، وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام، صوبائی وزیر ثقافت و محنت شوکت یوسفزئی اور دیگر نے ضلع بونیر سے متصل علاقے ٹٹوالان میں فیصل زیب کے گھر پر حملے کی مذمت کی۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں