ضلع شیخوپورہ کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بارے اہم اجلاس

حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کیلئے تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں بنا دی گئیں‘اے ڈی سی(فنانس اینڈ پلاننگ) محبوب عالم

جمعرات 19 جولائی 2018 17:47

ضلع شیخوپورہ کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بارے اہم اجلاس
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) ضلع شیخوپورہ میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے حساس/ حساس ترین قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اظہر حیات کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) محبوب عالم نے کی۔ اجلاس میں سی ای او(ڈی ای ای)، ڈی ایچ او (ایچ آر ایم) ، ایکسیئن ہائی وے، ڈپٹی ڈائریکٹر (کالجز)، ڈپٹی ڈائریکٹر (لائیو سٹاک) اور چیف آفیسر خانقاہ ڈوگراں نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء کو ان کے متعلقہ اداروںکی عمارتوں میں سکیورٹی برانچ کی جانب سے حساس/ حساس ترین قرار دئیے گئے پولنگ اسٹیشنز کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میںتفصیلی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان اپنی تحصیلوںکے اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ فوری مشاورت کے بعد SNA کو آگاہ کریں تا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے متعلق ضروری انتظامات کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

متعلقہ اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی کی وہ حساس پولنگ اسٹیشنز میں کیمروں کی تنصیب کے وقت ادارے کے درجہ چہارم کے ملازمین کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور کیمروں کی تنصیب سے لے کر ان کے اتارے جانے تک سکیورٹی گارڈ / چوکیدار کا انتظام کریں۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور محکمہ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں کسی بھی قسم کے ضروری انتظامات کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے حساس اور حساس ترین قراردیئے گئے پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لیے تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیںجن کے ممبران میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، ایس ڈی پی او، ایس ایچ او اور ریونیو آفیسر شامل ہیں۔ کمیٹیاں حساس / حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پرسی سی ٹی وی کیمروںکی تنصیب، ان کی ورکنگ اور اتارے جانے کے عمل کو شفاف بنانے اور کسی بھی ناپسندیدہ واقعے کی صورت میں متعلقہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرکو ریکارڈنگ پہنچانے کی پابند ہوں گی۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں