ْصوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او شیخوپورہ کے ہمراہ مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا

محرم الحرام ہمیں باہمی محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ میاں محمود الرشید

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:20

شیخوپورہ۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئیرنگ میاں محمود الرشید نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پرمحرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلع شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ ڈی پی او شیخوپورہ سردار غیاث گل نے انہیں محرم الحرام کے حوالے سے کیے جانے والے سیکیورٹی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اظہر حیات، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ فضائل مدثر، ضلعی رہنما پی ٹی آئی علی سلطان کے ساتھ سیکیورٹی اور سپیشل برانچ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس اور ڈی پی او آفس میں محرم الحرام کے سلسلے میںخصوصی طور پر قائم کیے گئے کنٹرول رومز کا بھی معائنہ کیا اورانتظامات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

میاں محمود الرشید نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام ہمیں باہمی محبت، بھائی چارے اور حق کے لیے آواز بلند کرنے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین ؑ نے باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کر کے جرات کی لازوال داستان رقم کی۔

اس مہینے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام مسالک کو برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے تا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کا ناکام بنایا جا سکے اور اسلام کو امن کا دین ثابت کیا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا جو کہ سلطان پورہ، صدر چوک، امام بارگاہ کلاں ریگل چوک کے راستوں سے گزرے گا۔

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں